وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات سید علی احمر زیدی نے ایم ڈبلیو ایم کی میڈیا ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہا کہ موجودہ دور میں میڈیا کی افادیت و اہمیت سے انکار ممکن نہیں۔ماضی میں جو جنگیں طاقت کے بل بوتے پر جیتی جاتی تھیں آج وہ میڈیا کے زورپر لڑی جا رہی ہیں۔ میڈیا ریلیشنگ تعلیمی اداروں میں ایک مضمون کے طور پر پڑھایا جا رہا ہے جس سے میڈیا کی اہمیت واضح ہو جاتی ہے۔تنظیمی اعتبار سے کامیابیاں حاصل کرنے کے لیے ہمیں میڈیا کے تمام ذرائعوں کو بھرپور استعمال کرنا ہو گا۔قومی نوعیت کے احتجاج ،مقاصد اور مطالبات کو پوری قوم اور ذمہ دارن تک پہنچانے کا واحد ذریعہ میڈیا ہے۔۔الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے اپنی جدوجہد اور افکار کی عالمی سطح پر تشہیر کی جاتی ہے تاکہ دیگر ممالک میں بسنے والے ہم خیال افراد بھی عملی سرگرمیوں سے آگاہ ہو سکیں۔الیکٹرانک میڈیا سے مربوط رہنا ازحد ضروری ہے۔ اس طرح پرنٹ میڈیا اور سوشل میڈیا پربھی ضرورت کے مطابق سرگرمیاں جاری رہنی چاہیے۔تمام تنظیمی دوستوں کو بالعموم اور اطلاعات کے شعبے سے وابستہ افراد کو بالخصوص اپنے اپنے علاقے میں صحافی دوستوں سے تعلقات مضبوط بنانے ہوں گے ۔تنظیمی کامیابی اور نتائج کا حصول میڈیا سے بہترین تعلقات کے بغیر ممکن نہیں۔