وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کہا کہ چارسدہ کچہری میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پولیس اہلکاروں کی تعریف کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس کے جوانوں نے بروقت کاروائی کر کے قوم کو بڑے سانحہ سے بچا لیا ہے۔ سیکورٹی اداروں کی یہ پیشہ وارانہ کارکردگی لائق ستائش ہے۔ دہشت گردی کو شکست دینے کے لیے اسی عزم و حوصلہ کی ضرورت ہے۔وطن عزیز میں قیام امن کے ذمہ دار اداروں کواگر سیاسی دباؤ سے مکمل طور پر آزاد رکھا جائے تو انتہا پسندی کے خلاف مطلوبہ نتائج کے حصول میں زیادہ مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف رینجرز آپریشن کی مخالفت کرنے والے ہی ان مذموم عناصر کے مرکزی سہولت کار ہیں۔وفاقی دارالحکومت میں موجود مسجد کی طرف سے رینجرز آپریشن کے خلاف عدالتی چارہ جوئی دہشت گرد گروہوں کے ساتھ ان کی وابستگی کا کھلم کھلا اظہار ہے۔ہزاروں بے گناہ معصوم انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا ایک لفظ ادا نہ کرنے والے ان عناصر کا دہشت گردوں کی ہلاکت پر واویلا حقیقت سمجھنے کے لیے کافی ہے۔انہوں نے کہا کہ سرحدی نگرانی کو موثر بنانے کے ساتھ ساتھ ان مدارس کے خلا ف بھی کاروائی کی جائے جہاں وطن عزیز اور اسلام کے دیگر مسالک کے خلاف نفرت کا نصاب پڑھایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا پنجاب میں رینجر ز کے آپریشن میں لمحہ بھرتاخیربھی انتہا پسند عناصر کے لیے نفع بخش ثابت ہو سکتی ہے۔انہوں کمین گاہوں سے بچ نکلنے کا موقعہ دیے بغیر فوری آپریشن کا آغاز کیا جائے۔پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں پولیس کے دلیرانہ اقدامات نے عوام کے اعتماد میں اضافہ کیا ہے۔دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جاری جنگ میں پوری قوم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔انتہاپسند عناصر کی مکمل پسپائی تک اسی عزم و حوصلہ اور تیزی کے ساتھ اہداف کی طرف بڑھنا ہو گا۔