وحدت نیوز (اسلام آباد/گلگت) اسلامی تحریک پاکستان کے رکن گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی محمد علی شیخ کی اچانک رحلت پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری ، مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل ناصر شیرازی اور سیکریٹری امور سیاسیات اسد عباس نقوی نے مرکزی سیکریٹریٹ جبکہ مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل آغاسید علی رضوی، علامہ نیئر عباس مصطفوی سابق سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان، غلام عباس، محمد الیاس صدیقی ، عارف حسین قنبری، ڈاکٹر علی گوہر، حاجی رضوان علی ممبر جی بی ایل اے، بی بی سلیمہ ممبرجی بی ایل اے، اور سائرہ ابراہیم کوارڈینیٹر شعبہ خواتین نےصوبائی سیکریٹریٹ سےجاری تعزیتی بیان میں محمد علی شیخ کی اچانک وفات پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کو تعزیت پیش کی ہے۔
ایم ڈبلیوایم کے رہنمائوں نے کہا کہ محمدعلی شیخ کی ناگہانی وفات سے علاقے کی سیاست میں ناقابل تلافی خلا پیدا ہوگیا۔ضلع نگر کی تعمیر و ترقی کیلئے محمد علی شیخ انتھک محنت رائیگاں نہیں جائے گی۔مرحوم کے پسماندگان سے دلی دکھ کا اظہار کرتے ہیں اور دعا گو ہیں کہ خدا وند تعالیٰ انہیں اپنی رحمت کے سائے میں رکھے۔ محمدعلی شیخ ایک سنجیدہ اور دیندار سیاست دان تھے جو سیاست کو عبادت سمجھ کر اس میدان میں وارد ہوئے تھے،مرحوم نے حقوق سے محروم غریب طبقات کی نمائندگی کرتے ہوئے ضلع نگر کی تعمیر و ترقی میں نہایت ہی قلیل عرصے میں بھرپور کردار ادا کیاوہ اپنی نرم دلی اور جاذب شخصیت کی وجہ سے پورے علاقے کے عوام کے دلوں میں ایک خاص مقام رکھتے تھے،ان کی اچانک جدائی نے پوری ملت کو غم زدہ کردیا ہے،خدا وند عالم مرحوم کو اپنی جوار رحمت میں جگہ عنایت فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔