وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے سعودی عرب کے نائب ولی عہدشہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مسلمانوں کا سچا دوست قرار دینے کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالم اسلام کے خلاف شدید رجحانات رکھنے والی متعصب شخصیت کو مسلمانوں کا دوست قرار دینا مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے کے مترادف ہے۔ٹرمپ انتظامیہ کی طرف سے سات مسلم ممالک پر پابندی کے فیصلے کو غیر مسلموں کی طرف سے بھی سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ٹرمپ کی اسلام دشمنی کے خلاف امریکی کی کئی ریاستوں کے اندر دیگر مذاہب کی طرف سے احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔امت مسلمہ کے خلاف ٹرمپ کے جارحانہ رویے سے پوری دنیا آگاہ ہے۔سعودی ولی عہد نے ٹرمپ کو مسلمانوں کا سچا دوست کہہ کر عالم اسلام کی تضحیک کی ہے۔امریکی صدر کے بارے میں سعودی عرب کے ولی عہد کا یہ موقف ایک اسلام دشمن شخصیت کی طرف غیر معمولی جھکاؤ کا بین ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہزادہ محمد بن سلمان کے اس عمل نے ثابت کیا ہے کہ وہ خادمین حرمین شریفین نہیں بلکہ خادمین یہودین ہیں۔یہود و نصاری کے لیے آل سعود کی ہمدردی نے مسلمانوں کو ہمیشہ شدید ترین نقصان پہنچایا ہے۔امریکہ عالم اسلام کا ازلی دشمن ہے۔ افغانستان میں اسامہ کی تلاش کے بہانے اور عراق میں کیمیائی ہتھیاروں کے نام پر اس نے لاکھوں بے گناہ مسلمانوں کا خون کیا ہے۔امریکہ سے دوستی اسلام دشمنی کا دوسرا نام ہے۔سعودی ولی عہد کے اس بیان کے خلاف امت مسلمہ کو اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا امریکہ مسلمانوں کا سچا دوست نہیں بلکہ سعودی عرب کا سچا دوست ہے اور یہی دوستی مسلمانوں کے گلے کاٹنے کا سبب بن رہی ہے۔