وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے ذیلی ادارے مجلس علمائے شیعہ پاکستان کے نامزد مرکزی صدرعلامہ مرزا یوسف حسین نے علمائے شیعہ کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کی مرکزی شوریٰ عالی اور علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے جو بھاری ذمہ داری میرے کاندہوں پر ڈالی ہے میں اس کے قابل تو نہیں تھا البتہ علمائے کرام اور ملت تشیع کے اعتماد پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کروں گا،یہاں موجود اور ملک بھر کے علمائے کرام اوراکابرین ملت سے تعاون اور رہنمائی کا طلبگار ہوں، تاکہ مشاورت کے ساتھ ملت کودرپیش مسائل کے حل کیلئے علمائے کرام اپنا مجموعی کردار ادا کرسکیں ،انشاءاللہ جلد ملک بھر میں مجلس علمائے شیعہ کے تنظیمی ڈھانچے کو عملی شکل دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہاکہ ہمیں دین کی حفاطت کے لیے ہر طرح کی مشکلات کے لیے خود کو تیار رکھنا ہو گا۔اس وقت اسلام دوحصوں میں بٹ چکا ہے۔ایک اسلام محمدی ہے اور دوسرا اسلام امریکیائی ہے۔ امریکہ کو حقیقی اسلام سے خطرہ ہے۔ اس حقیقی اسلام کی نمائندگی ملت تشیع کر رہا ہے۔ایسا اسلامی اتحاد جس کی حمایت امریکہ و اسرائیل کریں وہ عالم اسلام کے لیے کیسے نفع بخش ثابت ہو سکتا ہے۔