وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کےزیر اہتمام جامعہ الصادقؑ میں منعقدہ سالانہ مرکزی عرفان ولایت کنونشن کے آخری روز عظیم الشان علمائے شیعہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک بھر سے سینکڑوں کی تعداد میں مدارس وجامعات دینیہ کے مہتمم حضرات،آئمہ جمعہ والجماعت اور جید علمائے کرام نے شرکت کی،جن میں سر فہرست پرنسپل جامعتہ الفضل سرگودھاعلامہ سید باقر شیرازی، پرنسپل جامعہ بعثت علامہ غلام شبیر بخاری،مدارس جعفریہ پاکستان کے سربراہ حسین نجفی،مرکزی جنرل سیکریٹری ہیت آئمہ مساجد وعلمائے امامیہ پاکستان علامہ باقر عباس زیدی، امام جمعہ مرکزی شیعہ جامع مسجد کشمیریاں لاہورعلامہ حیدر موسوی، پرنسپل جامعہ ولایہ علامہ سید علی شاہ نقوی ،پرنسپل جامعہ الرضاؑعلامہ سیدحسنین گردیزی،علامہ مبارک موسوی،علامہ ظہیر الحسن نقوی، پرنسپل جامعہ ابوتراب علامہ دوست علی سعیدی،علامہ ارشاد حسین، امام جمعہ کوئٹہ علامہ ہاشم موسوی،علامہ احمد علی نوری،علامہ غلام مصطفیٰ انصاری سمیت دیگرسینکڑوں نامورعلمائے کرام نے شرکت کی ۔
اس کانفرنس کے اختتام پر مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ نا صرعباس جعفری نے شوریٰ عالی کی ہدایت پرجماعت کے ذیلی ادارے مجلس علمائے شیعہ پاکستان کی تشکیل کا اعلان کیا اور بزرگ عالم دین، شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینیؒ کے رفیق اور قائد گلگت بلتستان مرحوم مرزاغلام محمد کے فرزند علامہ مرزایوسف حسین کو مجلس علمائے شیعہ پاکستان کا مرکزی صدر نامزد کردیا، علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے مجلس علمائے شیعہ پاکستان کے قیام کے اسباب اور اہدافات سے بھی شرکاء کو آگاہ کیا، کانفرنس میں شریک ملک کے طول وعرض سے آئے ہوئےعلمائے کرام نے علامہ مرزایوسف حسین کو مجلس علمائے شیعہ پاکستان کا مرکزی صدر نامزد ہونے پر مبارک دی اور انہیں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔