وحدت نیوز(لاہور) ملک بھر سے شیعہ سنی علماء و مشائخ کا دارالعلوم حزب الاحناف میں مشترکہ اجلاس ،اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی خصوصی شرکت،ملک میں انتہا پسندی فرقہ واریت کے خاتمے اور اتحاد بین المسلمین کے فروغ کے لئے ،،اتحاد امت مصطفی فو رم،،کے قیام کا اعلان کیا گیا،علماء و مشائخ نے متفقہ طور پر علامہ پیر شفاعت رسول نوری کو اتحاد امت مصطفی فورم کا مرکزی صدر اور مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماسید اسدعباس نقوی کو مرکزی سیکرٹری جنرل منتخب کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیوایم کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے علماء و مشائخ کی اس کاوش کو ملک میں امن عامہ اور اتحاد بین المسلمین کے لئے سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ شیعہ سنی اسلام کے دو بازو ہیں ان میں اختلافات کو ہوا دینے والے اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں،ملک دشمنوں نے مسلم امہ کے درمیان اختلافات کو ہوا دے کر اسلام کے روشن چہرے مسخ کرنے کی کوشش کی،الحمداللہ ان محب وطن اور حقیقی علماء و مشا ئخ نے آج اس اتحاد کے ذریعے دنیا کو یہ پیغام دیا ہے ،کہ پاکستان میں قائد اعظم اور علامہ اقبال کے فرزندن بیدار ہیں اوردشمن کی ہر سازش کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں،جس طرح قیام پاکستان کے لئے شیعہ سنی علماء و عوام نے متحد ہوکر جدوجہد کی انشااللہ پاکستان بچانے کے لئے بھی ہم متحد ہو کر میدان عمل میں حاضر رہیں گے۔