وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری علامہ احمد اقبال رضوی نے سندھ میں رینجرز کو اختیارات دیے جانے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے رینجرز کو اختیارات دینے انتہائی ضروری تھے۔دہشت گردی کے خاتمے میں سیاسی مصلحتیں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں جن کو عسکری طاقت سے ہی عبور کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے کراچی کو مسلسل کاروائیوں کا نشانہ بنا کر پورے ملک کی معیشت کو تباہ کر کے رکھ دیا تھا۔جو قوتیں رینجرز کو اختیارات دینے کی مخالف ہیں وہ پاکستان دشمنوں کے ہاتھ مضبوط کرنا چاہتی ہیں۔ پاکستان کی سالمیت و بقا کو یقینی بنانے کے لیے دہشت گردی کا خاتمہ اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے قومی سلامتی کے دشمنوں پر آہنی ہاتھ ڈالنے کی ضرورت ہے جسے صرف رینجرز کے ذریعے ہی ممکن بنایا جا سکتاہے۔انہوں نے سابقہ ڈی جی رینجرز رضوان اختر کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سندھ میں دہشت گردی پر قابو پانے کا کریڈٹ ڈی جی رینجرز کو جاتا ہے جنہوں نے پیشہ وارنہ صلاحیتوں اور جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے کسی بھی دباو کو اپنے اہداف کی راہ میں حائل نہیں ہونے اور کراچی میں امن کے قیام کو یقینی بنایا۔رینجر ز کو اختیارات دیے جاتا سندھ کے عوام کے مطالبے کی تکمیل ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف بھرپور آپریشن جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔ اس کی راہ میں کسی بھی رکاوٹ کو حائل نہ ہونے دیا جائے۔سندھ میں کالعدم جماعتیں ملک دشمن عناصر کی سہولت کار بنی ہوئی ہیں ان جماعتوں کے خلاف بھرپور کاروائی ازحد ضروری ہے۔انہوں نے حکومت کے اس اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ رینجرز کو اختیارات دینے پر حکومت کو پوری قوم کی تائید حاصل ہے۔