وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام آج نشتر پارک کراچی میں منعقدہ عظیم الشان استحکام پاکستان وامام مہدی عج کانفرنس کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ، کراچی سمیت دیگر اضلاع سے ہزاروں منتظرین امام زمانہ عج کی شرکت متوقع ہے،وادی مہران کے غیور محب وطن اور منتظر ین بقیتہ اللہ عج آج نشتر پارک کراچی میں مادر وطن میں بیرونی مداخلت ، شیعہ علماءوجوانوں کے اغوا، فرقہ وارانہ فوجی اتحاد میں شمولیت اور عزاداری سید الشہداءؑپر ریاستی پابندیوں کے خلاف مضبوط آواز بلند کریں گے، اس سلسلے میں سندھ کے مختلف اضلاع سے سینکڑوں، بسوں ، ویگنوں، کاروں اور دیگر ذرائع آمدورفت سے ہزاروں عاشقان مہدی عج اس وقت نشتر پارک کی جانب رواں دواں ہیں ، جن کیلئے قیام وطعام کا بھی مکمل بندوبست کیا گیا، جلسہ گاہ اور پنڈال سج چکا ہے، تاحد نگاہ کرسیاں بچھا دی گئی ہیں ، خواتین کیلئے علیحدہ باپردہ نشستوں کا اہتمام کیا گیا ہے،شرکاء کی سہولت کیلئے جلسہ گاہ میں ٹھنڈے پانی اور نیاز کا بھی اہتمام کیا گیا ہے، ساتھ ہی کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نپٹنے کیلئے میڈیکل کیمپ اور ایمبولینس سروس کے انتظامات بھی مکمل ہیں ، اس عظیم الشان استحکام پاکستان وامام مہدی کانفرنس میں ملک بھر سے جید علمائے کرام اور اکابرین ملت خطاب کریں گے جبکہ معروف منقبت خواں نذرانہ عقیدت پیش فرمائیں گے، خصوصی پالیسی ساز خطاب مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کریں گے۔