وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری امور سیاسیات سید اسدعباس نقوی نے اپنے دورہ گلگت بلتستان کے موقع پرشیڈول فور کی آڑ میں بلاجواز گرفتار ایم ڈبلیوایم گلگت بلتستان کے سابق صوبائی سیکریٹری جنرل اور جید عالم دین علامہ شیخ نیئر عباس مصطفویٰ کی مقامی اسپتال میں عیادت کی اور ان کی جلد رہائی اور مکمل صحت یابی کی دعاکی، اس موقع پر اسدعباس نقوی کا کہنا تھاکہ گلگت بلتستان حکومت علمائے کرام کو پابند سلاسل کرکے ملت جعفریہ کے جذبات کو مجروح کررہی ہے، علامہ شیخ نیئرعباس کا قصورفقط موجودہ حکمرانوں کے مکروہ چہروں سے نقاب نوچنا اور عوام کو درپیش مسائل اور مشکلات کے لئے صدائے احتجاج بلند کرنا ہے۔
اسدنقوی نے کہاکہ گلگت بلتستان حکومت کی جانب سے ایم ڈبلیوایم کے قائدین اور کارکنان کے خلاف جاری ریاستی جبر واستبداد کا جلد خاتمہ ناہوا تو مجلس وحدت مسلمین پہلے قانونی جنگ لڑے گی اور انصاف نا ملنے کی صورت میں پر امن عوامی احتجاج کا راستہ اختیار کرے گی۔اس موقع پر ایم ڈبلیوایم صوبہ پنجاب کے سیکریٹری امور سیاسیات سید حسن کاظمی ، مرکزی معاون سیکریٹری امور سیاسیات محسن شہریاراور مرکزی پولیٹیکل سیل کے کورآڈینیٹر آصف رضا ایڈووکیٹ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔