وحدت نیوز(اسلام آباد) ابھی سانحہ پاراچنار وکوئٹہ کا زخم ہرا ہی تھا کہ بہاولپور میں خوفناک خونی حادثے نے درجنوں قیمتی انسانی کو لقمہ اجل بنا دیا، معمولی سی غفلت نے کتنے ہی گھروں کے چراغ بجھا دیئے، ہلاک شدگان کے پسماندگان کے غم میں برابرکے شریک ہیں ،ملت پاکستان سانحہ پاراچنار، سانحہ کوئٹہ اور اب سانحہ بہاولپور کے باعث عید الفطر انتہائی سادگی کے ساتھ منائیں ، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے بہاولپور کے نزدیک احمد پور شرقیہ میں آئل ٹینکرکے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے تعزیتی بیان میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ بظاہر یہ حادثہ انسانی غفلت کے باعث رونما ہوا، لیکن اس عظیم سانحے کے پیچھےبھی ہمارے نااہل، غیر سنجیدہ اور عوامی مسائل سے لاتعلق حکمرانوں کی کوتاہی کارفرما ہے، غربت ، مہنگائی اور بے روز گاری کے شکار عوام نے چند سو روپے کا پیٹرول لوٹنے کے چکرمیں اپنی قیمتی جانوں کو گنواں دیا، اگر ہمارے حکمران عوام کو درپیش مشکلات کے حل میں سنجیدہ ہوتے، انہیں با عزت روزگار دیتے، مہنگائی پر قابو پاتے تو اس سانحے میں ہلاک ہونے والے افراد پیٹرول لوٹنے کی خاطر موت کے منہ میں نا جاتے،علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے اس اندھوناک سانحے میں ہلاک ہونے والے شہریوں کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور مرحومکی مغفرت کی دعا کی ہے۔