وحدت نیوز(اسلام آباد) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و سابق ڈپٹی سپیکر فیصل کریم کنڈی نے مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر شیرازی سے فون پر تعزیت کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہم پاراچنار کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور مجلس وحدت مسلمین کی اصولی موقف کی مکمل طور پر حمایت کرتے ہیں۔پارا چنار کی انتظامی تبدیلی اور سیکورٹی کے حوالے سے اہل پارا چنارکے مطالبات پورے ہونے چاہیے۔اس سیکورٹی عملے کے خلاف کاروائی کی جائے جن کی غفلت کے باعث اتنا المناک سانحہ رونما ہوا۔پارا چنار کے شہدا کو ملک کے دیگر حصوں کے شہدا سے کسی طور کم نہ سمجھا جائے۔ایک حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے حکومت کی طرف سے بیس لاکھ روپے فی کس جبکہ پارا چنار کے شہدا کے لیے محض دو لاکھ کا اعلان شہدا کی تضحیک ہے۔اس تفریق کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی۔پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماء وفد کی صورت میں مجلس وحدت مسلمین کے اجتماعات میں شریک ہوں گے۔پارہ چنار کے معاملے میں پاکستان پیپلز پارٹی مجلس وحدت مسلمین کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔