سکیورٹی اداروں کی غفلت کے باعث بھارتی پےرول پرکالعدم جماعتیں بلوچستان میں شیعہ ہزارہ شہریوں کے قتل میں ملوث ہیں،علامہ راجہ ناصرعباس

19 July 2017

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے بلوچستان کے ضلع مستونگ میں شیعہ ہزارہ برادری کے چار افراد کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنانے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے سیکورٹی اداروں کی مجرمانہ غفلت کا نتیجہ قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جس جگہ یہ سانحہ رونما ہوا وہاں سے چند منٹ کی مسافت پر ایف سی کی چیک پوسٹ موجود تھی لیکن دہشت گرد اپنی کاروائی کر کے باآسانی فرار ہو گئے جو باعث تشویش ہے۔دہشت گردی کے پہ در پہ واقعات بلوچستان حکومت کی ناکامی کا منہ بولتاثبوت ہیں۔گزشتہ چند دنوں میں کوئٹہ ،چمن اور مستونگ میں اعلی پولیس افسران سمیت محب وطن افراد کی ٹارگٹ کلنگ پر حکومت کی کارگزاری محض اخباری بیانات جاری کرنے تک محدود ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی کالعدم مذہبی جماعتیں اس سانحہ کی ذمہ دار ہیں جو بھارت کے پے رول پر ہیں اور صوبے کے امن و استحکام کی دشمن ہیں۔داعش ،جماعت الاحرار اور لشکر جھنگوی اپنی مذموم کاروائیوں کے بعد علی الاعلان ذمہ داری قبول کرتی ہیں لیکن حکومت کی طرف سے ذمہ داران سے مصلحت پسندانہ رویہ اختیار کیا جاتا ہے ۔بلوچستان میں ٹارگٹ کلنگ کا یہ پہلا واقعہ نہیں۔شیعہ ہزارہ برادری کے معصوم افراد کے قتل کے واقعات کا تسلسل عدم تحفظ کے احساس میں اضافے کے ساتھ ساتھ دہشت گرد عناصر کے حوصلوں کی تقویت کا بھی باعث ہے۔مستونگ دہشت گردوں کی آماجگاہ بن چکا ہے جہاں ملک دشمن عناصر نے محفوظ پناہ گاہیں بنا رکھی ہیں۔ملک کو عدم استحکام کو شکار بنانے کے لیے یہاں سازشیں تیار کی جاتیں ہیں۔اس علاقے میں ہماری سینکڑوں بے گناہ لاشیں گرائی گئیں ہیں ۔مجلس وحدت مسلمین نے بارہا مطالبہ کیا ہے کہ مستونگ میں دہشت گردوں کے خلاف کومبنگ آپریشن کیا جائے۔جب تک اس علاقے کو مذموم عناصر سے پاک نہیں کیا جاتا تب تک بلوچستان سمیت پورے ملک میں امن کا قیام ممکن نہیں۔گزشتہ دس سالوں سے ہزارہ قبیلے کو مسلسل ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے جسے ادا نہیں کیا جا رہا ۔ہزارہ برادری کو ان کے علاقے میں محصور کر کے رکھ دیا گیا ہے۔ایک خود مختار ریاست کے آزاداور محب وطن شہریوں کے ساتھ یہ امتیازی سلوک بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں بسنے والے افراد سے قوموں اور قبیلوں کی بنیاد پر کسی بھی قسم کا غیر مساوی سلوک ان میں احساس محرومی کا باعث بنتا ہے اور محرومی بغاوت کو جنم دیتی ہے۔ قوم کے محب وطن افراد کے دلوں سے وطن کی محبت نکالنے کی دانستہ کوشش کبھی کامیاب نہیں ہو گی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ مستونگ سمیت پورے بلوچستان میں وزیر ستان طرز کا فوری فوجی آپریشن شروع کیا جائے اور کالعدم مذہبی جماعتوں اور لشکروں کے سربراہوں پر ہاتھ ڈالے جائیں اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رکھی جائے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree