وحدت نیوز(اسلام آباد) شہید قائد عارف حسین الحسینی کی 29ویں برسی کو شایان شان طریقے سے منانے کے لیے مجلس وحدت مسلمین کی رابطہ مہم بھرپور انداز سے جاری ہے۔گزشتہ روز نماز جمعہ کے اجتماعات میں شہید قائد کی برسی کے حوالے سے خصوصی اعلانات کیے گئے اور پمفلٹ تقسیم ہوئے۔جامع مسجد شکریال میں نماز جمعہ کے اجتماع سے مرکزی سیکرٹریٹ کے مسؤل علامہ عبد الخالق اسدی نے خطاب کیا اور شرکا کو برسی میں شرکت کی دعوت دی۔انتظامی کمیٹی کے چیئرمین نثار فیضی نے ٹیکسلا کا دورہ کیا اورنماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کیا۔۔انہوں نے کہا شہید عارف اخوت و اتحاد کے داعی تھے۔ہم ان کے مشن کو لے کر میدان میں نکلے ہیں۔خیبر پختونخواہ کے سیکرٹری جنرل علامہ اقبال بہشتی نے ہری پور جا کر مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں ،کارکنوں اور ملت تشیع کی فعال شخصیات کو برسی میں شرکت کی دعوت دی۔اسی طرح ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما علامہ اصٖغر عسکری نے دینہ ،مرکزی یوتھ سیکرٹری ڈاکٹر یونس نے گلشن شمال،علامہ ذوالفقار حسین نے جہلم اور علامہ محمد حسین شیرازی نے اسلام آباد کے مختلف سیکٹروں کا دورہ کیا اس کے علاوہ راولپنڈی اسلام آباد کے تنظیمی رہنماؤں نے بھی مختلف علاقوں میں تشہیراتی اور آگاہی مہم جاری رکھتے ہوئے لوگوں کو برسی میں مدعو کیا۔شہید قائد عارف حسین الحسینی کی برسی کا انعقاد 6اگست بروز اتوارپریڈ گراؤنڈاسلام آبادمیں ہو گا جس کے لیے مجلس وحدت مسلمین نے ملک گیر رابطہ مہم شروع کر رکھی ہے۔برسی میں شرکت کے لیے ملک کے مختلف بڑے شہروں میں سے کارکنوں کی کثیر تعداد 6اگست سے قبل ہی اسلام آباد پہنچنا شروع ہو جائے گی۔