وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پانامہ کیس کے فیصلے کو انصاف اور قانون کی فتح قرار دیا ہے۔انہوں نے کہ کہا کہ سپریم کورٹ اور جے آئی ٹی نے جرات مندانہ کردار کا مظاہرہ کیا۔سپریم کورٹ کے اس فیصلے سے عدلیہ کا وقار بلند ہوا ہے۔پانامہ سکینڈل فرعون مزاج اور بدعنوان حکمرانوں کے لیے اللہ تعالی کی پکڑ ثابت ہوا۔نواز شریف اور ان کا خاندان خود کو عوامی نمائندے سمجھنے کی بجائے ملک کا بادشاہ تصور کرنے لگے تھے۔شریف خاندان کی رعونت ، بدعنوانی اور انتظامی نا اہلی ان کی رسوائی کا باعث بنی۔
انہوں نے کہا کہ جس بے رحمی سے قومی خزانے کو لوٹا گیا اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔میڈیا ،اختیارات اور طاقت کے بل بوتے پرسپریم کورٹ اور جے آئی ٹی کو دبانے کی کوشش کی گئی۔قومی خزانے کی لوٹی ہوئی ایک ایک پائی واپس لائی جائے اور اس کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔شریف خاندان کی کرپشن ملک کی بدنامی کاباعث بنی ہے۔حکمرانوں کی کرپشن ثابت ہونے پر پاکستان کے وقار کو عالمی سطح پر دھچکا لگا ہے۔قانون و انصاف کا تقاضہ ہے کہ کرپٹ عناصر کو ان کے کیے کی سزاملے۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہدا کے ورثہ بھی انصاف کے منتظر ہیں۔بے گناہ ااور معصوم افراد پر حکومتی ایما پر گولیاں برسانا بدترین حوانیت ہے۔جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ کو منظر عام پر لاکر اس سانحہ کے ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔انہوں نے کہا سپریم کورٹ کا فیصلہ پاکستان کے استحکام اور ترقی کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ وطن عزیز میں کرپٹ نظام کی تبدیلی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔قائد و اقبال کے وطن کو ان کے خوابوں کی تعبیر بنانا ہو گا۔ کرپشن فری پاکستان ہر محب وطن کی حقیقی منزل ہے۔سپریم کورٹ کا حالیہ فیصلہ اس منزل کی جانب پہلا قدم ہے۔ہم جمہوریت کے حامی ہیں اور ہر حال میں جمہوری عمل کو آگے بڑھنا دیکھنا چاہتے ہیں تاہم جمہوریت کے نام پر بادشاہت یا فرد واحد کی اجارہ داری کو قطعاََقبول نہیں کیا جا سکتا۔