وحدت نیوز(اسلام آباد) ڈیرہ اسماعیل خان میں دو روز میں دہشت گردی کے دوواقعات میں تین شیعہ شہریوں کے بہیمانہ قتل کی پر زور مذمت کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ گذشتہ تین دہائیوں سے یہ ملک دہشت گردی کا شکار ہے، آج جبکہ پورا پاکستان آزادی کا جشن منا رہا ہے اور ہم ڈیڑہ اسماعیل خان میں جنازے رکھ کر غمگین بیٹھے ہوئے ہیں۔ دو روز قبل ہمارے دو افراد ناصر شاہ او ریاسر شاہ کو کوٹلی امام حسین ؑ کے باہر سکیورٹی کے فرائض انجام دیتے ہوئے شہید کیا گیا، آج پھر دہشت گردوں نے ہمیں لاش کا تحفہ دیا۔ شہید وکیل شاہد شیرازی کے چچا مظہر شیرازی کو آج گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ ہم اس ملک میں امن کی بات کرتے ہیں، لیکن ہمیں جواب میں لاشیں دی جا رہی ہیں۔ کے پی کے کا وزیر اعلیٰ ایک نااہل شخص ہے۔ ڈی آئی خان میں دہشت گردوں پر قابو پانے میں ناکامی ان کی نااہلیت کا بین ثبوت ہے، تحریک انصاف کی صوبائی حکومت عوام کی جان ومال کو تحفظ فراہم نہیں کرسکتی تو وزیر اعلیٰ کو برطرف کردے، عمران خان پرویز خٹک اور صوبائی حکومت کے غیر ذمہ دارانہ رویے کا فوری نوٹس لیں ۔