وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مختار احمد امامی نے کراچی میں آئی ایس او کی پُر امن امریکا مردہ باد ریلی پر پولیس کی شیلنگ اور فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت اور اسکی ماتحت پولیس نے امریکا نوازی کی انتہا کر دی ہے، امریکا مخالف پرامن احتجاج کو سبوتاژ کرنا اچھی روش نہیں ہے، امریکا و پاکستان مخالف قوتوں کے خلاف محب وطن پاکستانی نوجوان، خواتین اور بچے احتجاج کیلئے نکلے تھے، جن پر پولیس کی شدید لاٹھی چارج، شیلنگ اور فائرنگ انتہائی افسوس ناک ہے، وزیر اعلیٰ و گورنر سندھ ریلی پر لاٹھی چارج، شیلنگ اور فائرنگ کا فی الفور نوٹس لیں اور ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں۔ علامہ مختار امامی نے کہا کہ ملکی سلامتی کا تقاضا ہے کہ امریکن بلاک کو ہمیشہ کے لئے خیر باد کہہ دیا جائے،امریکہ نے 70 ہزار پاکستانی شہداءکی قربانیوں اور 20 کروڑ عوام کی توہین کی ہے،وقت آگیا ہے انسانیت دشمن امریکہ کو منہ توڑ جواب دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور انڈیا پاکستان کی اقتصادی راہداری کے دشمن ہیں،امریکی دھمکی پر 34 ملکی اتحاد کی خاموش لمحہ فکریہ ہے،ن لیگی حکومت قوم کو بتائے راحیل شریف کی سربراہی میں بننے والے اتحاد نے اس مشکل گھڑی میں پاکستان کو نظر انداز کیوں کیا؟اللہ نے وقت سے پہلے اس 34 ملکی اتحاد کو عوام کے سامنے بے نقاب کیا ،اب بھی وقت ہے کہ مشرق وسطیٰ کے پراکسی وار سے پاکستان کو دور رکھا جائے۔