وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری امور سیاسیات اسد عباس نقوی نے وفاقی دارالحکومت میں داعش کے پرچم آویزاں ہونے پر شدید تشویش کا اظہارکیا ہے، مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاہے کہ ماہ محرم الحرام کے آغاز پر اسلام آباد کی مصروف شاہراہ پر عالمی دہشت گرد تنظیم داعش کے پرچم آویزاں ہونا خطرے کی گھنٹی ہے، ایک جانب پورےملک میں اہل بیت ؑ سے عشق کرنے والے شیعہ سنی عوام نواسہ رسول ﷺ کی یاد منانے میں مصروف ہیں تو دوسری جانب داعش جیساسفاک گروہ پاکستان میں اپنے وجود کا اظہار کررہاہےجوکہ خدا نا خواستہ کسی بڑے سانحہ کا پیش خیمہ بھی ثابت ہو سکتا ہے، اسد عباس نقوی نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے اسلام آباد اور اس کے گرد ونواح میں داعش اور اس جیسی دیگر کالعدم تنظیموں کے سلیپرسیلز کے خلاف فوری آپریشن کیا جائے ، شام و عراق سمیت دیگر عرب ممالک میں داعش کی جانب سے نہتے مسلمانوں کے خلاف بربریت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ، لہذٰا وزیر داخلہ اسلام آباد میں داعشی کی موجودگی کا سختی سے نوٹس لیں اور مجالس اور جلوس کی بھر پور سکیورٹی کے انتظامات کو یقینی بنائیں۔