وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کاسی روڈ کوئٹہ میں شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے نتیجے میں پانچ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ میں شیعہ ہزارہ قبیلہ کالعدم مذہبی جماعت لشکر جھنگوی اور داعش کے نشانے پر ہے۔صوبہ بلوچستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے لیے ملک دشمن قوتیں کالعدم مذہبی جماعتوں کو آلہ کار کے طور پر استعمال کر رہی ہیں۔دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کے سو فیصد نتائج اس وقت تک حاصل نہیں ہو سکتے جب تک ان کالعدم جماعتوں کے سرغنوں کو گرفتار نہ کیا جائے۔انہوں نے کہا پاک چین اقتصادری راہدری کی کامیابی بلوچستان کی سلامتی اور امن و امان سے مشروط ہے۔ دشمن طاقتیں اس صوبے کا امن تباہ کرنے کے لیے کبھی گریٹر بلوچستان کا نعرہ لگاتے ہیں اور کبھی محرومی کا رونا رو کر محب وطن افراد کو ارض پاک سے بد ظن کرنے کی کوشش کی جاتی ہیں۔ ان سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے بلوچستان میں شر پسند عناصر کے گرد قانون کا شنکجہ سخت کرنا ہو گا۔ہزارہ قبیلہ سمیت ملک میں بسنے والے ہر فرد کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے۔بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات پاکستان میں دہشت گردوں کی موجودگی کے تاثر کو تقویت فراہم کریں گے جو عالمی سطح پر پاکستان کے ساکھ کے لیے سخت نقصان دہ ہے۔انہوں نے کہا دہشت گردی کی جنگ کا رُخ بلاتاخیر کالعدم مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں کی طرف موڑا جائے۔