وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی ایڈووکیٹ کو واپڈا ٹاؤن لاہور سے اغوا کر لیا گیا ہے۔مغوی اپنے اہل خانہ کے ہمراہ اپنی رہائش گاہ کی طرف جا رہے تھے کہ ڈبل کیبن میں سوار نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی کو روکا اور پولیس کی وردی میں ملبوس افراد انہیں زبردستی اپنی گاڑی میں ڈال کر لے گئے۔یاد رہے کہ ناصر شیرازی نے صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ کے خلاف آئینی پیٹیشن لاہور ہائی کورٹ میں دائر کر رکھی ہے جس کی سماعت دو رکنی بینچ کر رہا ہے۔پیٹیشن میں کہا گیا تھا کہ رانا ثنا اللہ اپنے بیانات سے عدلیہ کو فرقہ وارانہ بنیادوں پر تقسیم کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما کی گرفتاری کے خلاف مخلتف تنظیموں کی طرف سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا ہے۔ ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناصر شیرازی کے اغوا کے ذمہ دار شہباز شریف اور رانا ثنا اللہ ہیں۔اگر انہیں کسی بھی قسم کا نقصان پہنچا تو حالات کی ذمہ دار پنجاب حکومت ہو گی ۔انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ناصر عباس شیرازی کو فوراََ بازیاب کرایا جائے۔