اسلام آباد(وحدت نیوز) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر شیرازی کے اغوا کے خلاف اسلام آباد پریس کلب سے ڈی چوک تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔جس میں ایم ڈبلیو ایم،آئی ایس او اور مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنما اور کارکن شریک تھے۔ ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کی۔شرکاء نے شہباز شریف، رانا ثنا اللہ اور آئی جی پنجاب کے خلا ف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے واقعہ کے ذمہ داران کی برطرفی اور گرفتاری کا مطالبہ کیا۔علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ سید ناصر شیرازی کو اغوا میں نواز شریف،شہباز شریف، حمزہ شہباز،رانا ثنا اللہ اور سی ٹی ڈی کے سربراہ رائے محمد طاہر ملوث ہیں اور مغوی رانا ثنا اللہ اور رائے طاہرکے نجی ٹارچر سیل میں قید ہیں ۔وزیر اعظم ،چیف جسٹس آف پاکستان اور آرمی چیف اس لاقانونیت کا نوٹس لیتے ہوئے ناصر شیرازی اور ملت تشیع کے دیگر جبری گمشدہ افراد کی فوری بازیابی کو یقینی بنایا جائے۔ جمہوریت کو خطرے کا واویلا کرنے والے نون لیگی حکمران اس ملک میں فسطائیت چاہتے ہیں ۔ریاستی اداروں کو اپنے گھر کی لونڈی بنایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم قانون کی عملداری پر یقین رکھتے ہے ۔ہم اپنے شہدا کے سو سو جنازے لے کر سڑکوں پر بیٹھے رہے ۔ہمارے نوجوانوں کو شناختی کارڈ چیک کر کے بے دردی سے موت کے گھاٹ اتارا جاتا رہا۔ہم نے سیاسی مذہبی جماعت ہونے کے ناطے ہمیشہ قانون و آئین کی بالادستی کی بات کی۔اس ملک میں محبت و اخوت کے فروغ میں ہمارا کردار روز روشن کی طرح آشکار ہے۔ ہم اقلیتوں کے پاس بھی گئے تا کہ دنیا کو پتا چلے کہ پاکستان میں مذہبی رواداری اور بھائی چارہ قائم ہے۔جمہوری اقدار اور قانون کا راگ الاپنے والے قانون شکنوں نے ملت تشیع کی زبان بندی میں ناکامی پر انتقام کا نشانہ بنانا شروع کر دیا۔ حکمرانوں کو اپنے ہر ظلم کا جواب دہ ہونا پڑے گا۔اللہ کے قانون سے یہ ظالم کبھی نہیں بچ سکیں گے۔
آئی ایس او کے صدر انصر مہدی نے کہا کہ پنجاب حکومت آئین و قانون کی بالادستی کی بجائے اختیارات اور طاقت کی حکمرانی کے زعم میں مبتلا ہیں۔ملک کی ایک سیاسی و مذہبی جماعت کے مرکزی رہنما کو بغیر کسی الزام یا مقدمے کے ریاستی اداروں کے ہاتھوں اغوا کرانا قانون و انصاف کا قتل ہے۔انہوں نے کہا پنجاب حکومت اور کالعدم مذہبی جماعتوں کا شیطانی گٹھ جوڑقومی سلامتی اور امن و امان کے لیے سنگین خطرہ ہے۔محب وطن جماعتوں کو دیوار سے لگانے کی کوشش پنجاب حکومت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو گی۔مقررین نے کہا کہ جس صوبے کا وزیر قانون ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہو اور قانون شکنی کو شعار بنا رکھاہو وہاں حکمرانوں کی طرف سے باسیوں کو بدامنی ، لاقانونیت اور عدم تحفظ کے تحفے دیے جاتے ہیں۔ وطن عزیز کی بدترین صورتحال کے ذمہ دار یہی حکمران ہیں جو مخالفین کو انتقام کا نشانہ بنانے میں لمحہ بھر تاخیر نہیں کرتے۔انہوں نے کہا کہ ناصر شیرازی کی بازیابی میں مزید تاخیر پنجاب حکومت کی مشکلات میں اضافہ کا باعث بنے گی۔پاکستان کی تاریخ گواہ ہے کہ ظلم کے خلاف ملت تشیع کے عزم و حوصلے کبھی متزلزل نہیں ہوئے۔انہوں نے کہا کہ اربعین امام حسین علیہ السلام کے موقعہ پر ملک بھر میں عزاداری کے پروگراموں میں ریاستی جبر کے شکار گمشدہ نوجوانوں کے حق میں بھی آواز بلند کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ تمام شہروں میں ناصر شیرازی کے اغوا کے خلاف صدائے احتجاج بلند کی جائے گی۔ریلی میں علامہ اقبال بہشتی، علامہ اصغر عسکری،علامہ اعجاز بہشتی،انصر مہدی اورنثار فیضی سمیت مختلف جماعتوں کے رہنماؤں نے خطاب کیا۔