وحدت نیوز (اسلام آباد) راولپنڈی میں چہلم امام حسین علیہ السلام کے مرکزی جلوس میں نماز ظہرین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ یزیدیت کا تعاقب اسوہ زینبی (س) ہے۔ مخدومہ کونین حضرت زینب سلام اللہ علیہ نے اپنے خطبات کے ذریعے جس جرات و استقامت کے ساتھ یزیدیت کے سیاہ چہرے سے نقاب اتارا تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔جناب سیدہ سلام اللہ علیہ نے بصیرت و شعور دیا۔لوگوں کے ضمیر بیدار کیے۔ان کے کردار نے ہمیں استقامت، مقاومت اور حق پر ڈٹے رہنے کا سبق دیا ۔ہم اس خاندان عصمت و طہارت کے پیروکار ہیں جو حوصلوں اور عزم و استقامت کی معراج پر تھے۔عصر حاضر کی یزیدیت ہمارے حوصلوں کو پسپا نہیں کر سکتی۔پاکستان دشمن قوتیں اور ڈکٹیٹر ضیا ءکی باقیات نے پاکستان بنانے والوں کی اولاد پر زمین تنگ کرنے کی کوشش کی۔ہمارے علما ،ڈاکٹر،انجینئر ، نامور شخصیات اور نوجوانوں کو شناخت کر کے شہید کیا گیا۔مساجد و امام بارگاہوں کودہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا۔تکفیر کے ذریعے ہماری طاقت کو توڑنے کی کوشش کی گئی۔ہم کربلا کے ماننے والے ہیں،دشمنوں کے تمام منصوبوں کو ہم نے بصیرت و دانش سے ناکام بنایا،ہمیں انتقام کا نشانہ بنانے کے لیے حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے،ملت تشیع کے نوجوانوں کو گھروں سے اٹھا جا رہا ہے۔یہ نوجوان کئی سالوں سے لاپتا ہیں،جو پاکستان کے آئین و قانون کی صریحاََ خلاف ورزی ہے،پنجاب حکومت اگرسمجھتی ہے کہ ہمیں دبالے گی واللہ ہم سارے بھی زندانوں میں چلیں جائیں تمہارےسامنےسر نہیں جھکائیں گے۔
پنجاب حکومت نے مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر شیرازی ایڈووکیٹ کو ریاستی اداروں کے ذریعے اغوا کرایا،ایم ڈبلیو ایم نے حکومت کی ملک دشمن پالیسیوں کی ہمیشہ مخالفت کی ہے۔ اس سیاسی مخالفت پر حکومت پنجاب ہمیں انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔پنجاب حکومت یہ بات ذہن نشین کر لے کہ ملت تشیع سر کٹا تو سکتی ہے مگر باطل کے سامنے کبھی سر جھکا نہیں سکتی،یہ ہتھکڑیاں اور سلاخیں ہمیں حق بات کہنے سے خاموش نہیں کرا سکتیں۔ہم نے شجاعت کا درس کربلا کے مظلوموں سے لیا ہے،انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کی عدلیہ،افواج اور بااختیار اداروں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ سید ناصر شیرازی کو رانا ثنا اللہ کی قید سے آزاد کرایا جائے۔پنجاب حکومت کے اس ظلم پر ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ان ظالموں کا بھرپور تعاقب جاری رکھا جائے گا۔اگر ناصر شیرازی کو بازیاب نہ کرایا گیا تو ان ظالم حکمرانوں کے خلاف ایک بار پھر پوری قوم کوسڑکوں پر آنے کے لیے پکارا جائے گا۔