وحدت نیوز( لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نےوفد کے ہمراہ پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے لاہور میں ملاقات کی،علامہ راجہ ناصرعباس اور چوہدری شجاعت حسین کے درمیان اہم ملکی سیاسی صورت حال سمیت ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل ناصر شیرازی ایڈوکیٹ کے اغواء کے حوالے سے بھی تفصیلی بات چیف ہوئی ، چوہدری شجاعت حسین نے ناصر شیرازی کی جبری گمشدگی کے خلاف شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ناصر شیرازی کے اغوا کی ذمہ دار پنجاب حکومت ہے۔قاف لیگ اس ظالمانہ اور غیر آئینی اقدام کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کے ساتھ کھڑی ہے۔اس ایشو کو سینٹ اور قومی اسمبلی میں بھرپور انداز سے اٹھایا جائے گا۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا پنجاب حکومت سیاسی مخالفین کو ریاستی اداروں کے ذریعے انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔آئین و قانون کی اس تضحیک اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر پارلیمانی جماعتوں کو پنجاب حکومت کے خلاف اپنا بھرپورکردار ادا کرناچاہیے تاکہ آئین کی بالادستی کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا ظلم و بربریت کا کوئی بھی حربہ ہم پر کارگر ثابت نہیں ہو گا۔ملت تشیع کو دیوار سے لگانے کی حکومتی کوشش ارباب اختیار کو مہنگی پڑے گی۔جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون نہیں چلنے دیں گے۔مسلم لیگ نون سوچنے سمجھنے کی صلاحیتوں سے عاری جماعت ہے جوعدلیہ کے منصفانہ فیصلوں کو دوہرا معیار قرار دے کر اپنے اندر کا غبار کم کرنے کی ناکام کوشش میں مصروف ہے۔ریاستی اداروں کے کردار پر تنقید کر کے عوام میں شکوک و شبہات پیدا کیے جا رہے ہیں جس کا مقصد ملک کو مزید عدم استحکام سے دوچار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا ناصر شیرازی کا اغوا پنجاب حکومت کی منظم منصوبہ بندی کا حصہ ہے۔ان کی بازیابی میں تاخیری حربے پنجاب حکومت کے لیے مشکلات پیدا کریں گے۔علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے سید ناصر شیرازی کی بازیابی کے لیے تعاون کی بھرپور یقین دہانی پرچوہدری شجاعت حسین کا شکریہ ادا کیا، اس موقع پرمرکزی رہنما علامہ احمد اقبال رضوی، علامہ مبارک موسوی،مظاہر شگری اور آصف رضا ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔