وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہاہے کہ پاکستان کے داخلی معاملات میں بیرونی مداخلت دہشت گردوں اور کرپٹ عناصر کی ہمیشہ راہ ہموار کرتی آئی ہے۔ شریف برادران کی سعودی عرب روانگی کے مقاصد بالکل واضح ہیں۔ نواز شریف پاکستانی سیاست سے مکمل طور پر آؤٹ ہو چکے ہیں ۔سعودی حکومت کی طرف سے ’’مخصوص شرائط‘‘ پر انہیں سیاسی میدان میں سہارا دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔جو ارض پاک کی سالمیت و بقا کے لیے شدید ترین خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے فیصلے پاکستان کے اندر ہی ہونے چاہیے،۔ملکی ترقی کے لئے ضروری ہے کہ عوام ایسے عناصر کو مسترد کریں جن پر قومی خزانے کی لوٹ مار ثابت ہو چکی ہے۔پاکستان کے داخلی معاملات میں کسی بھی ملک کو مداخلت کی اجازت نہ دی جائے۔ عالمی طاقتیں پاکستان کے وجود کی دشمن ہیں۔ان طاقتوں کے ساتھ اگر سخت لہجہ اختیار نہ کیا گیا تو یہ پھر ارض پاک ایسی مشکلات میں پھنس سکتا ہے جس سے نکلنا آسان نہیں ہو گا۔ پاکستان کو اپنے فیصلے عالمی حالات کے تناظر میں کرنے کی ضرورت ہے۔بیرونی مداخلت نے اس ملک کوماضی میں ناقابل تلافی نقصان سے دوچار کیا ہے۔ہمیں ماضی سے سبق سیکھنا اور قومی نوعیت کے فیصلوں میں ملک و قوم کے مفادات کو مقدم رکھنا ہو گا۔