وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کوئٹہ میں سیکورٹی اہلکاروں پر حملے کی پرزور مذمت اور6 قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور 25سے زائد کے زخمی ہونے پر شدید افسوس کا اظہارکیا ہے ، مرکزی سیکریٹریٹ سے میڈیا کو جاری اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے نتیجے میں سکیورٹی اہلکاروں اور عام شہریوں کی جانوں کے نقصان پر دلی رنجیدگی ہوئی ہے،پاکستان میں بد امنی پھیلانے والے عناصر قومی سلامتی اور سالمیت کے لیے مستقل خطرہ ہیں،کوئٹہ جیسے حساس شہر سے دہشت گردوں کی کمین گاہوں کا تدارک کرنے میں حکومتی ناکامی سوالیہ نشان ہے۔
ان کامذید کہنا تھاکہ کالعدم مذہبی جماعتوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف آپریشن کے بغیر ملک میں امن کی امید محض خواب ثابت ہو گی،بلوچستان میں موجود شر پسندوں کے تانے بانے ہمارے ازلی دشمن بھارت،امریکہ اور خلیجی ریاستوں سے ملتے ہیں،دہشت گردوں کی بزدلانہ کاروائیوں سے اس قوم کے عزم و حوصلوں کو پسپا نہیں کیا جا سکتا،استعماری قوتیں ہمیں خطے میں کمزور کرنے کے درپے ہیں،پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازش دراصل پاک چائنا اکنامک کوریڈور کی تکمیل کی راہ میں رکاوٹ پیدا کرنا ہے۔