وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات سید علی احمر زیدی کی والدہ ماجدہ قضائے الہیٰ سے انتقال کرگئیں، مرحومہ کے انتقال پر ایم ڈبلیوایم کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری سمیت دیگر مرکزی وصوبائی قائدین کا اظہار افسوس اور تعزیت ، تفصیلات کے مطابق ایم ڈبلیوایم کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات سید علی احمر زیدی کی والدہ محترمہ مختصرعلالت کے بعد کراچی کے ایک نجی اسپتال میں داعی اجل کو لبیک کہہ گئیں، مرحومہ کو گذشتہ ہفتے فالج کا عارضہ لاحق ہوا تھا ، ڈاکٹرز نے انہیں بچانے کی بہت کوشش کی مگر وہ جانبرنا ہو سکیں، مرحومہ کی نماز جنازہ امامیہ امام بارگاہ ایف سائوتھ جعفرطیار ملیر کراچی میں ادا کی گئی جبکہ تدفین وادی حسین ؑ میں عمل میں آئی،اس موقع پر ایم ڈبلیوایم کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی، مرکزی سیکریٹری امور تنظیم سازی سید مہدی عابدی، کراچی ڈویژن اور ضلع ملیر کے رہنما، سیاسی وسماجی شخصیات ، علمائے کرام، پرنٹ والیکٹرونک میڈیا کے نمائندگان، صحافی حضرات سمیت مختف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنےوالے سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔
ایم ڈبلیوایم کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری ، علامہ سید احمد اقبال رضوی، ناصرشیرازی، علامہ اعجازبہشتی، علامہ مختارامامی، علامہ ڈاکٹر یونس حیدری، علامہ شفقت شیرازی، علامہ باقرعباس زیدی، علامہ عبدالخالق اسدی، اسدعباس نقوی، مہدی عابدی ، نثارفیضی، ملک اقرار حسین، صوبائی سیکریٹری جنرل صاحبان بشمول علامہ برکت مطہری، علامہ مبارک موسوی، علامہ مقصودڈومکی، علامہ آغاسید علی رضوی، علامہ اقتدار حسین نقوی، علامہ اقبال بہشتی، علامہ تصور حسین جوادی ودیگر نےمرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے مشترکہ تعزیتی پیغام میں کہاہے کہ ہمارے بھائی آقای سید علی احمر زیدی کو اس مشکل گھڑی میں تعزیت اور تسلیت عرض کرتے ہیں، خدا وند متعال مرحومہ کی مغفرت فرمائے،دعا ہے کہ اللہ سبحانہ وتعالیٰ انہیں صبر واستقامت دے ، خدا وندمتعال مرحومہ کی مغفرت فرمائے انہیں قرب اور شفاعت جناب فاطمتہ الزہراؑ عنایت فرمائے،جملہ پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے اور اپنے نا ختم ہونے والے عظیم خزانے سے بہترین نعمتیں انہیں عطا کرے، ، دکھ کی اس گھڑی میں ایم ڈبلیوایم مرحومہ کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔