وحدت نیوز (اسلام آباد) ڈیرہ اسماعیل خان میں شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے پے در پے واقعات نے صوبائی حکومت کے گڈ گورننس اور مثالی پولیس کی تشکیل کے دعوئوں کی قلعی کھول دی ہے،گذشتہ چند ہفتوں میں متعدد جوان بے دردی سے قتل کردیئے گئے ہیں، سی سی ٹی وی فوٹیجز میں قاتلوں کی واضح شناخت کے باوجود ایک بھی قاتل اب تک قانون کی گرفت میں نا آنا باعث تشویش ہے، حکومتی بے حسی سے ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے ڈیرہ اسماعیل میں مارے جانے والے نا ہی اس ملک کے شہری ہیں اور ناہی انسان، چیف جسٹس آف پاکستان ڈیرہ اسماعیل خان میں جاری شیعہ نسل کشی کا فوری سوموٹو نوٹس لیں، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل سید ناصرعباس شیرازی نے مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری بیان میں کیا۔
انہوں نے کہاکہ اسماءقتل کیس جو کہ ایک فیملی سے تعلق رکھتا ہے اس پر سپریم کورٹ سوموٹو ایکشن لے سکتا ہے تو ڈیرہ اسماعیل خان میں جاری شیعہ نسل کشی پر کیوں نہیں ، یہاں بات ایک خاندان کی نہیں بلکہ پوری کمیونٹی کی ہے، ہم چیف جسٹس آف پاکستان کو ڈیرہ اسماعیل خان میں جاری شیعہ نسل کشی سے متعلق توجہ دلائو نوٹس دیں گے، انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں روزانہ کی بنیاد پر جاری شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات پر صوبائی حکومت اور سکیورٹی اداروں کی مجرمانہ خاموشی قابل مذمت ہے۔
بعدازاں انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں جاری شیعہ نسل کشی پرتحریک انصاف کی صوبائی حکومت کے نارواسلوک ، عدم توجہی اور بے حسی کے خلاف شاہ محمود قریشی، جہانگیر خان ترین اور عارف علوی سے علیحدہ علیحدہ ٹیلیفونک رابطہ کرکے اپنی شکایت سے آگاہ کیا، ناصرشیرازی نے پی ٹی آئی رہنماوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ گذشتہ کچھ عرصے سے ہمیں تحریک انصاف کی خیبرپختونخواحکومت اور مسلم لیگ ن کی پنجاب حکومت کے رویئے میں فرق محسوس نہیں ہورہا، اگر امن وامان کی صورت حال کو پیش نظر رکھا جائے تو اہل تشیع خیبر پختونخوا کی نسبت پنجاب میں زیادہ محفوظ دکھائی دیتے ہیں، ڈیرہ اسماعیل خان میں جاری شیعہ نسل کشی پر صوبائی حکومت کی خاموشی پر پوری جماعت زیر سوال ہے، اس سے ثابت ہوتا ہے کہ پی ٹی آئی کی قیادت کو خیبرپختونخوا بالخصوص ڈی آئی خان میں قیام امن میں کوئی دلچسپی نہیں اور نا ہی وہ شیعہ قتل عام روکنے میں مخلص ہے۔
ناصرشیرازی نے مذیدکہاکہ اگر خیبرپختونخوا حکومت کا رویہ نا بدلہ تو ہم اس ظلم کے خلاف بھرپور ردعمل کا مظاہرہ کریں گے وہ پر امن عوامی احتجاج کی صورت میں بھی ہوگا اور پرنٹ ، الیکٹرونک اور سوشل میڈیا کی طاقت سے بھی،ہم اس ظلم کے خلاف ہر ممکن قدم اٹھائیں گے، کسی صورت خاموش نہیں رہیں گے، انہوں نے پی ٹی آٗئی کی قیادت سے مطالبہ کیاکہ آپ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو ڈیرہ اسماعیل خان میں جاری شیعہ نسل کشی سے فوری طور پر آگاہ کریں اور مجھے بھی بتائیں کے پی ٹی آئی کی حکومت صوبے بھر خصوصاًڈیرہ اسماعیل خان میں شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے تدارک کیلئے کیا اقدامات اٹھا رہی ہے ۔