وحدت نیوز(اسلام آباد) ڈیرہ اسماعیل خان شیعان علی ابن ابی طالب ؑکی مقتل گاہ بن گئی ہے، خیبرپختونخوامیں مثالی پولیس سسٹم لانے کے دعویداروں سمیت پولیس کہیں نظرنہیں آرہی، ڈیرہ اسماعیل خان میں جاری شیعہ نسل کشی کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کل ملک بھر میں بعد نماز جمعہ یوم احتجاج منائے گی، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے بیان میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کی زمین اہل تشیع پر تنگ کرنے کی سازش کی جارہی ہے، افسوس کے گذشتہ چند روز میں متعدد شیعہ جوان بے دردی سے دن دھاڑے قتل کردیئے گئے لیکن نئے پاکستان کی مثالی پولیس ایک بھی قاتل کا سراغ لگانے میں کامیاب نہیں ہوئی، میں ملت تشیع پاکستان سے کل بروز جمعہ مظلومین ڈیرہ اسماعیل خان کی نسل کشی کے خلاف پر امن یوم احتجاج منانے کی اپیل کرتاہوں، کل بعد نماز جمعہ ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے منعقد کیئے جائیں اور احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں، میں ایم ڈبلیوایم کے تمام صوبائی اور ضلعی عہدیداران سے گذارش کرتاہوں کے اپنے اپنے ضلع ، تحصیل ، یونٹ میں بھرپور انداز میں احتجاجی اجتماعات کا انعقاد کریں ۔