وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مختار امامی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے پرشدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمرانوں نے اپنی شاہ خرچیوں کا سارا بوجھ عوام پر ڈال رکھا ہے۔ریاست کے انتظامی امور موجودہ حکومت کی دسترس میں نہیں رہے۔حکومتی نا اہلی کی بنا پر ریاستی ادارے دن بدن تباہی کی طرف جا رہے ہیں۔عوام پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبائی ہوئی ہے اسے مزید اذیت کا شکار نہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے سارے وزرا اور انتظامی مشنری ایک نا اہل شخص کے دفاع میں ایڑی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں۔کسی کو عوامی مشکلات سے کوئی سروکار نہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مخصوص انتخابی حلقوں میں سفری سہولیات پر سبسڈی دے رکھی ہے جس کا بوجھ پوری قوم پر ڈلا جا رہا ہے۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے روز مرہ استعمال کی تما م اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام مزید کسی بوجھ کے قطعی متحمل نہیں ہیں۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی کسی بھی تجویز پر غور نہ کیا جائے اور پٹرول کی قیمت کم کر کے عوام کو سستے داموں فراہم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اس طرح کے فیصلے انہیں عوام سے مزید دور کر دیں گے۔