وحدت نیوز(اسلام آباد) مرکزی سیکریٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے بفرمان امام خمینیؒسالہائے گذشتہ کی طرح امسال بھی 12تا 17ربیع الاول ہفتہ وحدت بمناسبت جشن ولادت رسول خداﷺاور امام جعفرصادقؑمنانے کا اعلان کیاہے، اس موقع پر صوبائی اور ضلعی سطح پرمحافل میلاد، نعت اور جشن کا انعقادکیاجائے گا، استقبالیہ کیمپس، سبیلیں ، میڈیکل کیمپس اور نذرونیاز کا اہتمام کیاجائے گا، ان خیالات کا اظہارمجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی نے مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری ایک اعلامیے میں کیا۔
انہوں نے کہاکہ جشن میلاد النبیﷺ امت مسلمہ کے درمیان نقطہ اتحاد ہے،خاتم النبیین ﷺ کی ولادت کا جشن تمام شیعہ سنی مسلمان مل کر مناتے ہیں ، انشاءاللہ مجلس وحدت مسلمین ملک بھرمیں پیغمبر اکرم ﷺ کی ولادت کی خوشیوں کو شایان شان اندازمیں منانے کیلئے علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی جانب سے صوبائی اور ضلعی سطح پر تمام عہدیداران کو ہدایات جاری کرتی ہے کہ 12تا 17ربیع الاول ہفتہ وحدت کے دوران اہل سنت برادران کے جلوس ہائے میلاد النبیﷺ کا شاندار استقبال کیاجائے، جلوس کے شرکاءپر گل پاشی کی جائے، شرکائے جلوس کی ٹھنڈے مشروبات سے تواضع کی جائے، ان میں مٹھائیاں تقسیم کی جائیں ،استقبالیہ کیمپوں پر شیعہ سنی علماءواکابرین کو اتحاد وحدت کی ترویج کے لئے دعوت خطاب دیا جائے، جبکہ صوبائی اور ضلعی سطح پرمحافل میلاد، نعت ، جشن، سیمینار، تقریری مقابلے ، کوئزوغیرہ کے پروگرامات کا بھی انعقادکیاجائے۔