وحدت نیوز(مظفرآباد) سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ حضور نبی کریم ؐ خاتم النبیین تحریک عدل الہیٰ کے بانی، اگر عدل فضیلت ہے تو عدل کو معراج نبی کریم ؐ کے وجود مبارک کی وجہ سے حاصل ہوئی ، نبی کریم ؐ خاتم النبیین ختم نبوت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، نبی کریم ؐ نہ ہوتے تو یہ معاشرہ گمراہ و حقوق انسانی سے عاری معاشرہ ہوتا ، یہ دنیا ظلم و بربریت کی داستاں ہوتی ، نبی ؐ کریم رحمت بن کر آئے ، ظلم کے بادل چھٹ گئے ، انسانیت کو مسیحا مل گیا ، یہاں تک کہ اتنا ظلم کہ بیٹیوں کو زندہ درگو کر دیا جاتا ، نبی کریم ؐ آئے حقدار کو حق ملا ، معاشرے کو حقوق ملے ، عدل کی تعریف کہ’’ حقدار کو اس کا حق ملے ‘‘عملی جامے میں تبدیل ہونے لگی۔
مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں و کشمیر کے زیر اہتمام امام بارگاہ کرم علی شاہ بیلہ نور شاہ مظفرآباد میں خاتم النبیین کانفرنس بمناسبت میلاد مسعود حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم و امام جعفر صادق علیہ السلام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نبی کریم ؐ کی زندگی عدل الہی کے قیام سے عبارت تھی ، ہمارے نبی کے دین میں چنوٹی پر بھی ظالم ناقابل برداشت عمل ہے ، جب آپ ؐ کی حیات مبارکہ ہمارے لیے نمونہ عمل ہے تو پھر چاہنے والوں کو بھی اس عالمگیر تحریک کا محرک بننا چاہیے ، آج دنیا ظلم و بربریت کی داستاں ہے ، کشمیر ہو یا فلسطین ہمارے مسلمان بھائیوں کو ظلم عظیم کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ، ہم برملا کہتے ہیں کہ ہم ہر ظالم کے خلاف ہیں چاہے وہ شیعہ ہی کیوں نہ ہو اور ہر مظلوم کے حامی ہیں چاہے وہ کافر ہی کیوں نہ ہو، ہم مسلمانیت سے بالا انسانیت کی بات کرتے ہیں ، ہمارا قرآن اعلان کرتا ہو بتلاتا ہے کہ ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل گویا اگر آج ایک انسان قتل ہو جائے تو سات ارب انسان مارے جاتے ہیں ، ہمیں اس درد کو محسوس کرنا ہو گا، ہمارے نبی رحمۃ اللعالمین نبی ،صرف مسلمانوں کے لیے نہیں بلکہ جہانوں کے لیے رحمت بن کر آئے ، دشمن جہاں ہمیں بذریعہ جنگ قتل کر رہا ہے وہاں شیعہ سنی تفریق سے ہماری صفوں میں دراڑ ڈال کر اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہ رہا ہے لیکن واضح رہے محمد و آل محمد کے ماننے والے ہر سازش ناکام بنا دیں گے ۔
علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد امریکہ ،انڈیا و اسرائیل اس کے بازو ہیں ،اسرائیل کو تسلم نہ کرنے کے واضح بیان پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور اس اعلان کی بھرپور حمایت کرتے ہیں، انڈیا ہمارے کشمیری بھائیوں پر ظلم کر رہا ہے ، انڈیا ظالم ہے کشمیری مظلوم ہیں ، ہم ظالم کے خلاف و مظلوم کے حامی و مددگار ہیں ، مقبوضہ کشمیر کی تحریک قربانی کی لازوال داستانوں سے بھری پڑی ہے ، بہن کو بھائی ماں کو بیٹا نہیں مل رہا، لاشیں تک غائب کر دی جاتی ہیں ، اس سیاہ رات کے خاتمے کے ہمیں ہر قسم کا کردار ادا کرنا ہو گا ، مظلوم کشمیری عوام کا دست و بازو بننا ہو گا ، ظلم کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بننے کے لیے ہم ایک دوسرے کے کندھے سے کندھا ملانا ہو گا، پھر انشاء اللہ وہ وقت دور نہیں کہ جب ہم سرینگر میں نبی رحمت کامیلاد منائیں ۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ شیعہ سنی میں تفرقہ ایجاد کرنے والا بھی ظالم و د ہشت گرد ہے ، علامہ تصور نقوی آزاد کشمیر میں شیعہ سنی اتحاد کی علامت و عملی کوششیں کرنے والے عالم دین تھے ، ان پر حملہ شیعہ سنی اتحاد پر حملہ ہے ، کل پاکستان میں جب ہمارے علماء ، ڈاکٹرز، انجینئرز اور افراد کو چن چن کے قتل کیا جارہا تھا تو ہم کہتے تھے کہ یہ دہشتگرد و قاتل کسی کے نہیں ہوتے ، یہ پیسے کے پجاری ہوتے ہیں ، جس نے زیادہ پیسے دیے اس کے ہو جاتے ہیں ، جب ہمارے گھر کو آگ لگی تب ہم نے کہا کہ کل یہ تمہارے گھر کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لے گی ، وقت نے ثابت کیا انہوں نے نہ وطن کو چھوڑا نہ اہل وطن کو چھوڑا ، آزاد کشمیر میں بھی اسی فضا کو پروان چڑھانے کی کوشش کی گئی ، حساس خطے میں اس طرح کی کاروائیاں ناقابل قبول ہیں ، حکومت نے اس معاملے کو سنجیدہ نہیں لیا ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ جلد از جلد ان بے رحم درندوں کو پکڑا جائے ، جنہوں نے المناک سانحہ رونما کرنے کی کوشش کی ، اس مذموم واقعے کے حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں ، دہشت گردوں کو ڈھیل دینا ان کی حوصلہ افزائی کے مترادف ہے ، آج تصور نقوی کل کوئی بھی شکار ہو سکتا ہے، اتنی اہم شخصیت کو یوں ٹارگٹ کر کے بچ نکلنا تو عام آدمی کا کیا ہو گیا ، پولیس و انتظامیہ سراغ لگائے ، حقائق عوام کے سامنے لائے ، حکومت ہوش کے ناخن لے ، چپ ہو جانے سے کام نہیں چلے گا ، معاملے کو سنجیدہ لیا جائے بصورت دیگر سڑکوں پر بھی مطالبات منوائے جا سکتے ہیں ، ہم امید کرتے ہیں کہ حالات کی نزاکت کا احساس کرتے ہوئے جلد اقدامات کیئے جائیں گے ۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور حسین نقوی نے قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس کی اتحاد و وحدت کی کاوشوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا مملکت خدادادپاکستان میں اس مشن کی تکمیل میں ہم اپنے رہنماء شانہ بشانہ ہیں ،انہوں نے ڈپٹی کمشنر مظفرآد و ایس ایس پی مظفرآباد کا بھی تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
ممبر علماء و مشائح کونسل علامہ سید فرید عباس نقوی نے کہا کہ حضور نبی کریم ؐ و امام جعفرصادق ؑ کے میلاد کی مناسبت سے کانفرنس منعقد کر کے امن و اخوت کے پیغام کو عام کرنے کی سعی کی ہے،صدر المہدی فاؤنڈیشن آزادکشمیر مولانا حافظ کفایت نقوی نے کہا کہ سچوں کا ذکر کرنے سے ثواب کے ساتھ ساتھ سیرت کو عام کرنے کا بھی موقع ملتاہے،کانفرنس سے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر مولانا طالب ہمدانی ،سیکرٹری اطلاعات مولانا سید حمید حسین نقوی ، سید الطاف نقوی ، سید انجم نقوی ، صدر مرکزی انجمن جعفریہ جہلم ویلی سید راشد نقوی ، سید تصور عباس موسوی و دیگر نے بھی خطاب کیا ، کانفرنس میں لوگوں کی کثیر تعداد شامل تھی ،آخر میں مقبوضہ کشمیروفلسطین کی آزادی ،مظلوموں کی مدد و نصرت و مملکت خداداد پاکستان کی حفاظت کے لیے دعا مانگی گئی۔