وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کےسربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع مرکزی میڈیا سیل سے جاری بیان میں کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ حیات ہے جس پر بھارت مسلسل حملہ آورہے،گذشتہ چند ماہ میں مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے انسانیت سوز مظالم کی سنگین داستانیں رقم کی ہیں،جس پر عالمی اداروں کی خاموشی قابل مذمت اقدام ہے،مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔ مسئلہ کشمیر پر بھارتی ہٹ دھرمی اور مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے مظالم عالمی امن کے لیے خطرہ ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی پر اقوام عالم کی خاموشی اس حقیقت کی عکاس ہے کہ ان نام نہاد انسانی حقوق کے عالمی ٹھکیداروں کو مسلمانوں کے مسائل سے کوئی غرض نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی بڑھتی ہوئی جارحیت اور پاکستانی سرحدوں کی مسلسل خلاف ورزی بھارتی فوج کی بربریت سے دنیا کی نظریں ہٹانے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کو بھارت کے غاصبانہ تسلط سے آزاد کرانے کے لیے عالمی قوتوں کو کردار ادا کرنا ہو گا جب تک مسئلہ کشمیر کا پرامن اور کشمیر ی عوام کی امنگوں کے مطابق حل نہیں نکلتا تب تک پورے خطے کی سلامتی کو غیر یقینی صورتحال کا سامنا رہے گا۔ ہندوستانی حکومت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی جبر کے ذریعے حق خود ارادیت کی آواز کو دبانا کی کوششوں میں مصروف ہے۔ بنیادی حقوق کے اس استحصال پر اقوام متحدہ کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی فورمز پر بھرپور انداز سے اٹھایا جائے اور کشمیریوں کی آواز کواقوام عالم تک تک پہنچایا جائے۔