وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے میڈیاسیل سے جاری بیان میں کہاہے کہ کشمیر میں جاری ہندوستان کی ریاستی دہشت گردی تحریک آزادی کو دبا نہیں سکتی ،مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی تحریک اس نہج پر پہنچ چکی ہیں کہ دنیا کی کوئی طاقت اب زیادہ عرصہ کشمیریوں کو محکوم نہیں رکھ سکتی ۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم ایسی گیڈربھبکیوں سے خوفزدہ ہونے والے نہیں۔بھارتی وزیر اعظم کی بوکھلائی ہوئی زبان ان کا ساتھ نہیں دے رہی اور وہ خائف ہو کر بلاسوچے سمجھے بیان جھاڑ رہے ہیں پاکستان کا ازلی دشمن بھارت سفارتی آداب اور شرافت کی زبان سے ناواقف ہے ۔ انڈیا ،اسرائیل اور امریکہ کا گٹھ جوڑ خطے میں پاکستان کو کمزور کرنے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہے ہیں ۔ پاکستان جب بھی معیشت کی مضبوطی کی بات اور عملی اقدامات کے لیے کوششیں تیز کرتا ہے دشمن ممالک پاکستان کے خلاف سازشی منصوبے تیز کر دیتے ہیں۔
ان کا مذید کہنا تھا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط اور ناقابل تسخیر ہاتھوں میں ہے۔ پاکستان ایک پرامن ریاست ہے جہاں پر ہر مذہب کے لوگ بلاتخصیص آزادانہ زندگی بسر کر رہے ہیں۔قومی اسمبلی و سینٹ سمیت ملک کے اعلی عہدوں پر ہندو ،عیسائی اور دیگر مذاہب کے افراد بھی تعینات ہیں یہاں ہر ایک کے مذہب کا احترام کیا جاتا ہے جب ہندوستان میں صورتحال اس کے برعکس ہے۔انہوں نے کہا بھارتی میڈیا پاکستان کے خلاف زہریلا پروپیگنڈہ کر کے صحافتی اقدار کو پامال کر رہا ہے۔ بھارت سمیت دنیا بھر کا میڈیا جانتا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف ایک طویل اور صبر آزما جنگ لڑ رہا ہے۔پاکستان کے ساتھ دہشت گردوں کا تعلق ثابت کرنے کی کوشش لغو اور افسوس ناک ہے۔