وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی نے صوبائی پولیٹیکل سیکریٹری علی حسین نقوی اور ڈویژنل ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ مبشر حسن,عارف رضا زیدی اور دیگر رہنماؤں پر مشتمل وفدکے ہمراہ جعفرطیار سوسائٹی ملیر میں رہائشی عمارت منہدم ہونے کےجائے حادثہ کا دورہ کیااور امدادی کاموں کاجائزہ لیا، ایم ڈبلیوایم کے رہنمائوں نے متاثرین سے اظہار تعزیت اور ہمدردی کیا، ایم ڈبلیوایم کے وفد نے ملبے تلے دبے اہل خانہ کی باحفاظت برآمدگی ،جانبحق افراد کی مغفرت اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
بعدازاں علامہ سید احمداقبال رضوی نے مرکزی امام بارگاہ جعفرطیارکے باہر ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے اندھوناک اور ناگہانی سانحے پر دلی رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ، انہوں نے کہاکہ اس سانحہ نے پوری قوم کو سوگوار کردیاہے، ہر آنکھ اشکبارہے، انہوں نے کہاکہ سانحہ کے فوری بعد جس طرح اہل علاقہ نے اپنی مددآپ کے جذبے سےامدادی کاموں کا آغاز کیا وہ قابل تحسین ہے، ہماری دعاہے کہ خدا ملبے تلے دبےاہل خانہ کو صحت وسلامتی عطافرمائے۔
انہوں نےکہاکہ اس سانحے پر پوری ایم ڈبلیوایم متاثرہ خاندان کے غم میں برابرکی شریک ہے، انہوںنے ریسکیو آپریشن میں شریک پولیس, رینجرز, پاک فوج, شہری وسندھ حکومت کے ریسکیو ٹیموں ، اسکاؤٹس رضاکاروں اور نوجوانان جعفرطیار کے بروقت اور بھرپور ریسکیو اقدامات کو سراہا اوران کا شکریہ ادا کیا, جبکہ ایم ڈبلیوایم کےکارکنان کو امدادی کاموں میں بھرپور حصہ لینے اور ریسکیو آپریشن میں شریک ٹیموں اور متاثرہ اہل خانہ کی مکمل خدمت کی ہدایات جاری کیں۔