وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے وفد کے ہمراہ وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری سے اسلام آباد میں ملاقات کی ہے۔ملاقات میں سیکرٹری سیاست اسد عباس نقوی اور ممبر پولیٹیکل کونسل سید محسن شہریار شامل تھے۔اس موقع پر علامہ ناصر عباس جعفری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تکفیریت کے خلاف پارلیمنٹ سے قانون پاس کروا کر حکومت دہشتگردی کی عفریت سے ملک کو نجات دلا سکتی ہے۔تکفیریت کے ناسور نے دہشتگردی کو جنم دیا اور ملک میں ناامنی اور نفرت اسی سوچ و فکر سے پھیلی۔ بین المسالک ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے، ملک کی تمام مذہبی جماعتیں ملکی تعمیر و ترقی کے لئے ایک پیج پر ہیں۔
علامہ ناصر عباس نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے ہمیشہ امن اور بین المسالک ہم آہنگی کے لئے عملی کوششیں کی ہیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر پیر نورالحق قادری نے کہا کہ حکومت مذہبی عدم برداشت کے خلاف ہے اور ملک میں مذہبی رواداری کے لئے کوشاں ہے۔ ہمیں اپنی آئندہ نسلوں کو مذہبی عدم برداشت سے بچانے کی کوشش کرنا ہوگی۔ زائرین کی سہولیات کے حوالے کچھ اقدامات کئے ہیں، ان شاء اللہ مزید بھی کریں گئے۔