وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے نائیجیریا کے ممتاز عالم دین علامہ محمد ابراہیم زکزاکی کی بلاجواز قید اور صحت کے حوالے سے اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں فورا رہا کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ علامہ محمد ابراہیم زکزاکی نائیجیریا سمیت دنیا بھر کے کروڑوں انسانوں کے محبوب رہنما ہیں جنہیں عالمی سامراجی قوتوں کے انسان دشمن ایجنڈے کے تحت بلا جواز قید میں رکھا گیا ہے۔
انہوں نے نائیجیریا میں جاری شیعہ نسل کشی پر بھی اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موصولہ اطلاعات کے مطابق علامہ محمد ابراہیم زکزاکی کو جیل میں زھر دیا گیا ہے جس کے باعث دنیا بھر کے کروڑوں لوگ اس عظیم انسان کی صحت کے سلسلے میں شدید پریشان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نائیجیرین حکومت اپنے ملک کی اعلی عدالت کے احکامات اور انصاف کے تمام تر تقاضوں کو نظر انداز کر کے اغیار کی خوشنودی حاصل کرنا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ علامہ محمد ابراہیم زکزاکی کے 6 بیٹے شہید کئے گئے اور انہیں ان کی اہلیہ سمیت قید تنہائی میں رکھا گیا ہے جو نائیجیرین حکومت کی بربریت کا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر خدانخواستہ علامہ محمد ابراہیم زکزاکی کو کچھ ہوا تو اس کی تمام تر ذمہ داری نائیجیرین حکومت پر ہوگی۔