وحدت نیوز(جیکب آباد) انجنیئرعید محمد ڈومکی کی رہائشگاہ پر محفل میلاد کا انعقاد ہوا حضرت پیر محمد شاہد نے صدارت کی ، مہمان خاص محترم انور خان سومرو و دیگر شریک ہوئے۔ محفل میلاد سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نےخصوصی خطاب کیا۔ جبکہ نعت خوان حضرات نے بارگاہ رسالت میں نعت اور منقبت کا نذرانہ پیش کیا۔
محفل میلاد سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم اور اھل بیت ع کی محبت اور مودت ایمان کی نشانی ہے۔ اھل سنت کے بزرگوں نے آل رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے اپنی محبت کا اظہار کرکے خارجی اور ناصبی ٹولے کو شکست دی ہے کیونکہ ناصبی ٹولے آج بھی بغض اھل بیت کی تبلیغ کرکے اپنے یزیدی ہونے کا ثبوت دیتے ہیں۔
انہوں نےکہا کہ شیعہ اور سنی اسلام کے دو بازو ہیں جنہوں نے متحد ہو کر اسلام دشمن سامراجی طاقتوں کو شکست دینی ہے۔انہوں نےکہا کہ ذکر خدا ، یاد خدا اور ذکر مصطفی کی محفلیں ضروری ہیں۔ ہر محلے میں دعائے کمیل کے اجتماعات ہونے چاہئیں کیونکہ دعائے کمیل حضرت خضر نبی ع کی دعا ہے جو مولا علی ؑنے اپنے صاحب معرفت شاگرد حضرت کمیلؓ کو تعلیم دی۔