وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود ڈومکی نے کہا ہے کہ امام مہدی علیہ السلام کی ذات مبارکہ کی توہین کرنے والے ملک میں بہت بڑا فساد برپا کرنا چاہتے ہیں۔سوشل میڈیا پر اس شر انگیزی کا تسلسل سوچی سمجھی سازش ہے۔جس کے پس پردہ ملک دشمن قوتیں کارفرما ہیں۔ توہین امام زمانہ کا ارتکاب کرنے والے گستاخ اہلبیت علیہم السلام ہیں انہیں قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ حضرت محمد ﷺ اور ان کی آل پر مسلمانوں کے تمام مکاتب فکر کا کامل ایمان ہے۔امام مہدی علیہ السلام کی ذات اقدس کے حوالے سے مسلمانوں کے تمام مکاتب متفق ہیں اور ان کے احترام کو ایمان کا حصہ قرار دیتے ہیں۔سوشل میڈیا پر امام مہدی علیہ السلام کی شان میں گستاخی کی نئی لہر امت مسلمہ کے مذہبی جذبات کو مجروح کر رہی ہے اورپورے ملک کو غم و غصے میں مبتلا کر دیا ہے۔ مقدسات کی یہ توہین ملک کے طول و ارض میں فرقہ واریت کی آگ بھڑکا نے کی مذموم کوشش ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ناپاک جسارت پر ریاستی اداروں کو فوری طور پر حرکت میں آنا چاہیے اور ذمہ داران کو گرفتار کر کے ان پر دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ کا اندراج کیا جانا چاہیے تاکہ آئندہ کوئی ملک میں توہین اہلبیت اطہار علیہم السلام کر کے ملک میں فساد برپا کرنے کی کوشش نہ کرے۔