وحدت نیوز(کنب) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے ضلع خیرپور کے گوٹھ راجپر پہنچ کر مرحوم عطا محمد راجپر کی وفات پر ان کے لواحقین سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔جبکہ انہوں نے گوٹھ بنگل خان چانڈیو پہنچ کر یوسی بافو کے چیئرمین رئیس نثار علی چانڈیو کے فرزند کی شادی کی مبارک باد پیش کی۔
اس موقع پر اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ حضرت امام مہدی ع کے عالمی اسلامی انقلاب کی زمینہ سازی کے لئے عالمی انقلابی تحریک وجود میں آچکی ہے جو عالم انسانیت کے لئے حسین مسقبل کی نوید ہے۔ نائب امام کی قیادت میں جو نور کی تجلی انقلاب اسلامی کی صورت میں روشن ہوئی وہ اب عالم کفر و استکبار کے لئے خوف کی علامت بن چکی ہے۔
انہوں نےکہا کہ امریکہ اور عالمی سامراجی طاقتوں کے بم دھماکے قتل و غارت اور فتنہ انگیزی اھل حق کو جھکانے میں ناکام رہی ہے۔ اب ظالم استکباری طاقتوں کے زوال کا وقت قریب ہے اور مستقبل دنیا کے مظلوموں اور مستضعفین کی عالمی حکومت کی نوید سنا رہا ہے۔انہوں نےکہا کہ ابراہیم زکزاکی صبر و استقامت اور ایثار و قربانی کی علامت بن چکے ہیں۔ وہ حریت پسندوں کے عالمی سطح پر محبوب رہنما ہیں جن سے دنیا بھر میں کروڑوں انسان عشق کی حد تک محبت کرتے ہیں۔ علامہ ابراہیم زکزاکی کی جیل میں صحت کے حوالے سے ہمیں شدید تشویش ہے۔ نائیجیرین حکومت انہیں جلد رہا کرے اور انہیں علاج کی مکمل سہولیات فراہم کرے۔