ڈیل آف سنچری کو ناکامی کی خجالت اٹھانا پڑی اب اسرائیل کی تباہی کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے،علامہ راجہ ناصرعباس

06 May 2021

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین اور ملی یکجہتی کونسل کے زیر اہتمام "قبلہ اول کی آزادی قریب ہے" کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ انقلاب ایران سے قبل مسئلہ فلسطین کے ساتھ مسلمان حکمران غیر سنجیدگی ظاہر کرتے رہے ہیں۔ امام خمینی نے اس مسئلے میں جان پیدا کی۔اسرائیل غاصب اپنے ابتدائی مراحل میں بالکل چھوٹا سا تھا۔یہود و نصاری اسے گریٹر اسرائیل میں بدلنے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگانے میں مصروف ہیں۔فلسطینی مسلمانوں کی استقامت اور عوامی مزاحمت نے اسرائیل کو خوفزدہ کر رکھا ہے۔یہی وجہ ہے کہ ڈیل آف سنچری کو ناکامی کی خجالت اٹھانا پڑی۔اسرائیل کی تباہی کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔جو کاروباری شخصیات روشن مستقبل کی خاطر اسرائیل میں ڈیرہ لگائے ہوئے تھے وہ اپنے اپنی ریاستوں میں واپس پلٹ رہے ہیں۔اسرائیل نے کچھ دن پہلےبیان دیا ہے کہ ہمیں یمن کے بلیسٹک میزائلوں سے خطرہ ہے یہ صیہونیوں کے خوف کو آشکار کر رہا ہے۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انسانی حقوق کی وفاقی وزیر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ القدس کا دن بہت اہم ہے جب تک فلسطینیوں کو ان کا حق نہیں ملتا تب تک اسرائیل کو تسلیم کرنے کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا۔ او آئی سی کے قیام کا مقصد القدس کی آزادی کے لیے جدوجہد کرنا تھی لیکن آج او آئی سی خاموش بیٹھی ہے۔فلسطین کے مسئلے پرپاکستان کی حکومت کا موقف ہمیشہ اٹل اور اصولی رہا ہے۔اگر فلسطین کے مسئلے پر ہم لچک دکھاتے ہیں تو پھر کشمیر پر بھی ہمارا موقف جاندار نہیں رہے گا۔

القدس سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین قبلہ ایاز صادق نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسئلہ فلسطین عالمی امن کے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ۔ ہزاروں لوگ شہید ہوئے اورہزاروں فلسطینی اسرائیل کی قیدو بند کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں۔ اور یہ سلسلہ مسلسل جاری ہے ۔ لیکن اقوام متحدہ ، او آئی سی سمیت نام نہاد امن کے علمبردار ممالک ان مظلومین کی حمایت کی بجائے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں امت مسلمہ کو مسئلہ فلسطین پر ایران لبنا ن کی طرح ایک جاندار اور واضح موقف اپنا نا ہو گا۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سینئرصحافی مظہر برلاس نے کہا کہ کچھ اسلامی ملک صیہونی شدت پسند جماعتوں کی فلسطینی مسلمانوں کے خلاف حمایت کر رہے ہیں ۔ اپنے مفادات کو مقدم سمجھتے ہوئے اسرائیل کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھا رہے ہیں جو شرمناک ہے۔جب تک ہمارے اندر اتحاد نہیں ہوتا تب تک ہم حقیقی معنوں میں مسلم امہ کہلانے کے حقدار نہیں ۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ مشرق وسطی میں بد امنی کی سب سے بڑی وجہ اسرائیل اور اس کے حمایتیوں کی پالیسیاں ہیں ۔ عالمی اسلام کو اصل خطرہ ان نام نہاد اسلامی ممالک سے ہے جو اسرائیل کی محبت میں اس قدر گرفتار ہو چکے ہیں کہ اپنے ہی مسلمان بھائیوں پر ظلم کرنے سے بھی گریز نہیں کر رہے ۔یمن کی جنگ میں پاکستان نہ حصہ بنا ہے اور نہ بننا چاہئیے۔کانفرنس سے جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ، ملی یکجہتی کونسل کے جناب ثاقب اکبر ،پیپلز پارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابر،ملی یکجہتی کونسل کے قبلہ ایاز، جناب لیاقت بلوچ ، گلزار نعیمی اور ایم ڈبلیو ایم کے علامہ اقبال بہشتی و دیگر مذہبی و سیاسی رہنماؤں نے خطاب کیا۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree