وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف عالمی سامراجی قوتوں کا اقوام عالم کو اپنا غلام بنانے کا منصوبہ ہے یہی سامراجی اور استکباری قوتیں دنیا بھر میں دھشت گردی کی بانی ہیں جنہوں نے دنیا بھر میں انسداد دہشت گردی کے نام پر دھشت گردی کو فروغ دیا جبکہ انہی استکباری قوتوں نے آزادی کے نام پر غلامی اور جمہوریت کے نام پر آمریتوں کو جنم دیا۔ پاکستان کے حکمران جرئت و غیرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اغیار کی فرمانبرداری کی بجائے ایک آزاد اور خودمختار ریاست کے نمائندے کا کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ اب وقت آ چکا ہے کہ پاکستانی حکمران امریکی غلامی کی لعنت سے چھٹکارا حاصل کرتے ہوئے امریکہ کو نہ کہنے کی جرات کریں۔ وزیر اعظم عمران خان کا امریکہ کو ابسلوٹلی ناٹ کہنا 22 کروڑ عوام کی ترجمانی ہے۔ انجمن غلامان امریکہ کو یہ بات ذھن نشین رکھنی چاہئے کہ یہ قوم ان لوگوں سے نفرت کرتی ہے جو قومی عزت و وقار پر سودے بازی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں جاری خون ریزی میں شیطان بزرگ کا ہاتھ ہے افغانستان میں برادر کشی اور خانہ جنگی کسی کے مفاد میں نہیں۔ افغانستان کے مستقبل کا فیصلہ وہاں کے عوام کو پر امن فضا میں کرنے دیا جائے۔ افغانستان کے سیاسی اکابرین علماء اور طالبان اس ملک کے خون میں تر ماضی سے سبق حاصل کرتے ہوئے پر امن بقائے باہمی کے فارمولے پر عمل کریں۔ افغان اکابرین مل کر افغانستان کے مستقبل کا فیصلہ کریں جو اسلامی قوانین عدل و انصاف اور جمہوری اصولوں پر مبنی ہو۔