مجلس وحدت مسلمین اور ملی یکجہتی کونسل کے اشتراک سےفقید المثال عشق پیغمبرِ اعظم مرکز وحدت مسلمین کانفرنس اسلام آباد میں منعقد ہوگی، اسد نقوی

14 October 2021

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے ملی یکجہتی کونسل کے اشتراک سے عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلے میں  17 ربیع الاول بروز اتوار کنونشن سینٹر اسلام آباد میں "عشق پیغمبرِ اعظم مرکز وحدت مسلمین کانفرنس" کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد نقوی نے کہا ہے کہ کانفرنس میں شرکت کے لیے مختلف مکاتب فکر کے علما و مشائخ کو مدعو کرنے کے سلسلے کا آغاز ہو چکا ہے۔یہ کانفرنس اتحاد بین المسلمین کا عظیم الشان عملی مظاہرہ ثابت ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ ماہ ربیع الاول کے مبارک ایام کو روایتی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔ مجلس وحدت مسلمین کی مرکزی قیادت کی طرف سے حسب سابق امسال بھی نو ربیع الاوّل تا سترہ ربیع الاول ہفتہ وحدت و اخوت منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔بارہ ربیع الاول کے روز میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے جلوسوں میں ملت تشیع بھرپور طور پر شریک ہو گی۔ اس کے علاوہ شرکاء کے لیے دودھ، پانی کی سبیلوں اور لنگر کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔

 انہوں نے کہا کہ شیعہ سنی اسلام کے دو مضبوط بازوں ہیں۔ رسول ص اور نواسہ ِرسول ص سے محبت کا یہ تقاضا ہے کہ ان کی خوشیوں میں خوشیاں منائی جائیں اور ان کے غم کے ایام میں غمگین ہو کر ان سے مودت کا اظہار کیا جائے۔ جو لوگ عید میلاد النبی کے منکر ہیں وہی عزاداری سید الشہداء میں بھی رکاوٹیں پیدا کرنے کے لیے جواز تراشنے میں مصروف رہتے ہیں۔شیعہ سنی وحدت و اخوت وہ واحد ہتھیار ہے جس سے تکفیری عناصر کے حوصلے پست ہوتے ہیں۔انہیں اپنے مکروہ عزائم میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شیعہ سنی برادران نے اپنی حکیمانہ اور بابصیرت طرز فکر سے تکفیریت کی بساط الٹ کر رکھ دی ہے۔یہ شدت پسند قوتیں دوبارہ سر اٹھانے کے لیے موقع کی تلاش میں ہیں۔ہم انہیں ان کے ناپاک مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ جس طرح اہلسنت برادران عزاداری کے جلوسوں میں شریک ہوتے ہیں بالکل اس عقیدت و احترام کے ساتھ تشیع ملک بھر میں میلاد کے جلوسوں میں شریک ہوں گے۔ مجلس وحدت مسلمین وحدت و اخوت اور سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عنوان سے مختلف شہروں میں تقریبات کا انعقاد بھی کرے گی جس میں شیعہ سنی علما شریک ہوں گے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree