وحدت نیوز(دادو)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے ضلع دادو کی تحصیل میہڑ کے سیلاب متاثرہ گاؤں دریانی کا دورہ کیا۔اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم ضلع دادو کے نائب صدر اصغر علی حسینی سابقہ ضلعی سیکرٹری سیاسیات عبداللطیف کاندھڑو مولانا منظور حسین چنہ و دیگر ان کے ساتھ تھے۔ انہوں نے متاثرین سیلاب و مستحقین میں گرم کپڑے تقسیم کئے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان مظلوموں اور محروموں کی حمایت اپنا فرض سمجھتی ہے حکومت نے پٹرول اور ڈیزل سمیت ہر چیز مہنگی کر دی ہے اور مہنگائی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔ آئی ایم ایف کی فرمائش پر حکومت مسلسل عوام دشمن فیصلے کر رہی ہے۔ عوام پیپلز پارٹی اور ن لیگ سمیت موجودہ کرپٹ نظام سے بیزار ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے ملک گیر توسیع تنظیم مہم کا مقصد عوام کو مجلس وحدت مسلمین کی قومی خدمات اور جدوجہد سے آگاہ کرنا کارکنوں کی تعلیم و تربیت پر توجہ دینا اور یونٹس کی فعالیت میں اضافہ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ مضبوط تنظیم ہی ملت کے حقوق کی حفاظت کر سکتی ہے۔ قوم کے جوان اور بزرگ آگے بڑھ کر اس الہی تحریک کا ساتھ دیں۔