پاکستان میں عدم استحکام طاقت کے توازن کی مغرب سے مشرق کی طرف منتقلی سے خوفزدہ طاقتوں کاایجنڈا تھاجسے موجودہ حکمرانوں نے پورا کردیا،علامہ راجہ ناصرعباس

08 February 2023

وحدت نیوز(لاہور) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے زمان پارک میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں ملکی موجودہ صورتحال، سیاسی امور، مہنگائی اور عوام میں بے یقینی کی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کےہمراہ وفد میں وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین علامہ احمد اقبال رضوی،سید ناصر شیرازی ، سید اسد عباس نقوی اور مظاہر شگری شامل تھے۔

 ملاقات کے بعد زمان پارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ عمران خان کے حوصلے بلند ہیں، ہمارا مشترکہ موقف یہ ہے کہ مہذب معاشروں میں جب بحران آتے ہیں تو انتخابات کے ذریعے بے یقینی اور عدم اطمینان کا خاتمہ کیا جاتا ہے مگر ہمارے یہاں الٹی گنگا بہہ رہی ہے، الیکشن کمیشن نوے روز میں الیکشن کرانے کا پابند ہے لیکن نہیں کروارہا اور عمران خان کے دعویٰ کو درست ثابت کررہا ہے۔ اتحادی اپنے کیس معاف کرانے آئے تھے وہ انہوں نے ختم کرالیے اب تو چلے جائیں، اب وہ دودھ میں نہائے دھوئے ہوئے ہیں اب تو قوم کی جان چھوڑ دیں۔ ملک بے یقینی کا شکار ہے، عالمی ادارے اِس اتحادی حکومت پر اعتماد کرنے کو تیار نہیں، یہ ایک دوسرے کی گردن پھنسانے کی کوشش کرتے ہیں لیکن آخری میں شہبازشریف مشکل فیصلے کرکے پھنس جاتے ہیں۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ہم صاف گو لوگ ہیں، نوسر بازوں سے دور رہتے ہیں لہٰذا کل بھی ہم عمران خان کے ساتھ تھے، ہم آئندہ بھی ساتھ رہیں گے، الیکشن لڑے تو مل کر لڑیں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ملک کو پہلے سیاسی بحران سے دوچار کیاگیا پھر نااہلوں نے معاشی بحران کھڑا کردیا، اب سکیورٹی کی صورتحال تشویش میں اضافہ کررہی ہے، اِن سیانوں سے کوئی تو پوچھے کہ کوئی اپنی دھرتی ماں کے ساتھ ایسا برا کرتا ہے جیسا انہوں نے کیا ہے؟

ایک اور سوال کے جواب میں راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ طاقت کا توازن اب مغرب سے مشرق کی جانب منتقل ہورہا ہے لہٰذا اِس صورت حال سے خوفزدہ طاقتوں کے لیے یہی ضروری تھا کہ وہ پاکستان کو عدم استحکام کا شکارکریں اور اتحادیوں نے اُن کے ایجنٹ بن کر اُن کا ایجنڈا پورا کردیا۔ انہوں نے کہاکہ مغرب کا اصول ہے کہ جو بھی راہنما اپنے ملک و قوم کے لیے اِن کے سامنے سینہ تان کر کھڑا ہوتا ہے یہ اُس کو نشان عبرت بنادیتے ہیں اور زیادہ افسوس ناک بات یہ ہے کہ ہمارے اپنے لوگ اغیار سے مل کر اُن کی سازشیں کامیاب بناتے ہیں۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree