وحدت نیوز(پشاور)مرکزی جنرل سیکرٹری مجلس وحدت مسلمین پاکستان سید ناصر عباس شیرازی نے جامعہ شہید علامہ عارف حسین الحسینی رح کے زیر اہتمام جشن مولود کعبہ مولائے کائنات حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام اور انقلاب اسلامی ایران کی 44ویں سالگرہ کے پروگرام میں شرکت کی اور دونوں اہم ترین مناسبتوں پر تمام اہل اسلام کو دلی مبارکباد پیش کی۔ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی ایران کا مقصد معاشرے میں عدل علی علیہ السلام پر مبنی معاشرے کا قیام ہے، کیونکہ حضرت امام علی علیہ السلام کی ذاتِ اقدس عدل و انصاف کا کامل ترین نمونہ ہے، جو رہتی دنیا تک حقیقی اسلامی تعلیمات کی روشن تصویر ہے۔
انہوں نے کہا کہ مغرب نے اسلام فوبیا کیلئے بہت زیادہ کوششیں کیں لیکن اسلامی جمہوریہ ایران نے دنیا پر واضح کر دیا کہ کس طرح ایک آزاد اسلامی معاشرہ تمام اقوام کیلئے نمونہ بن سکتا ہے۔ جس میں طبقاتی تقسیم سے بالاتر ہو کر عوام کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی استکبار کا خیال تھا کہ انقلابِ اسلامی امام خمینی (رح) کی رحلت کے ساتھ ختم ہو جائے گا اور استعماری قوتوں کے خلاف کھڑی ہونے والی تحریک دم توڑ دے گی لیکن آج الحمدللہ، انقلاب اسلامی ایران رہبر معظم سید علی خامنہ ای کی دور اندیش اور بابصیرت قیادت میں کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے اور عالمی سطح پر، انقلابِ اسلامی کے اثر و رسوخ اور پیشرفت میں اضافہ ہو رہا ہے۔