وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصرعباس جعفری حفظ اللہ نے ایک اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ عصرحاضر کے نامور دانشور، داعی وحدت،مفکر ومدبر ، ادیب وخطیب سیدثاقب اکبر نقوی مرحوم کے گھر جاکر اہل خانہ سے ملاقات کی اور قبر پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔
تفصیلات کے مطابق علامہ راجہ ناصرعباس حفظ اللہ نے علمائے کرام اور تنظیمی عہدیداران پر مشتمل ایک اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ مرکزی ڈپٹی جنرل سیکریٹری ملی یکجہتی کونسل اور صدرنشین البصیرہ ٹرسٹ سید ثاقب اکبر نقوی کے پسماندگان سے ان کے گھر جاکر ملاقات کی اور مرحوم کی دینی قومی اور ملی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا کہ مرحوم ایک نفیس اور ہر دلعزیز شخصیت کے حامل تھے۔ان کی رحلت ملک وقوم کا ایک ناقابل تلافی نقصان ہے، انہوں نے اپنی پوری زندگی اتحاد و وحدت کی ترویج و فروغ میں صرف کردی،ملی یکجہتی کونسل کے قیام کیلئے مرحوم نے شب وروز جدوجہد کی ،مرحوم ایک بہترین مصنف، شاعر اور ادیب بھی تھےجن کی بیشمار تصانیف ان کے علمی وادبی ذوق وشوق کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مرحوم ثاقب اکبر نقوی کے انتقال سے پیداہونے والا خلاء مدتوں پرنا ہوسکے گا، خدا وند متعال مرحوم ومغفور کی مغفرت فرمائے ، انہیں جوار آئمہ معصومین علیہم السلام میں محشور فرمائے اور ان کے تمام پسماندگان کو اپنی بارگاہ سے صابرین کا اجر عظیم مرحمت فرمائے۔
بعد ازاں علامہ راجہ ناصرعباس جعفری حفظ اللہ نے وفد اور ثاقب اکبر نقوی کے پسماندگان کے ہمراہ مرحوم کی قبر پر حاضری دی پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی بھی کی۔