وحدت نیوز(مری)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری ناصر عباس شیرازی ایڈووکیٹ نے بھمبروٹ سیداں مری میں طلوع سحر کانفرنس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی معاشرے کے لیے امید لازمی جزو ہے۔ جامعہ آمنہ بنت الہدی کے زیراہتمام طلوع سحر کانفرنس سے خطاب میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی ایڈووکیٹ نے امید کو انسانی معاشرہ اور مستقبل کے لئے لازمہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ قرآن و اہلبیت نے انسان کو امیدوار بنایا ہے، اسے باور کرایا ہے کہ ظلم کی سیاہ رات ختم ہو گی اور پوری کائنات عدالت الہیہ سے روشناس ہو گی، امید انسان کو متحرک بناتی ہے، مہدویت بھی ایسی ہی امید ہے جس نے حتمی طور پر بنی نوع انسان اور پوری کائنات کو نجات عطا کرنی ہے، انقلاب اسلامی ایران بھی امید کے ایک مرحلہ کی تکمیل کا نام ہے، ہر انسان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے وجود سے ان مثبت اقدار کو فروغ دے جو عدالت اور انصاف کی عالمی حکومت میں مددگار ہوں۔ انکا کہنا تھا کہ ہمیں چاہیے کہ ظلم کے مقابل جدوجہد کریں، مظلوم کے ساتھ کھڑے ہوں، انفرادی اور اجتماعی جدوجہد کے ذریعے عدالت کے نظام کی فراہمی میں اہنا حصہ ڈالیں۔اس موقع پر ناصر عباس شیرازی کو اعزازی شیلڈ پیش کی گئی۔ تقریب کے اختتام پر مقامی افراد میں ہدیہ جات تقسیم کئے گئے اور کیک کاٹا گیا۔