وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصرعباس جعفری حفظہ اللہ نے امید مستضعفین جہاں, مہدی دوراں، زمین پر آخری حجت خدا، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بارہویں جانشین حضرت امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی ولادت باسعادت کے پُر مسرت موقع پراپنے پیغام میںکہا کہ پوری انسانیت اور عالم اسلام کی خدمت میں ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ مہدی موعودؑ کا وجود مقدس عالم بشریت کیلئے مرکز امید و نجات ہے، فرزند رسول ؐ حضرت امام مہدیؑ کا انتظار نا فقط شیعہ بلکہ دنیا کاہر مظلوم اور محروم کررہاہے،حجت خدا کا یہ انتظام سب سے عظیم عبادت ہے، آپ ؑ ہی وہ عظیم ہستی ہیں جو ظلم وجور سے پرُ اس دنیا کو عدل وانصاف سے بھردیں گے۔
انہوں نے مزید کہاکہ نیمہ شعبان کی بابرکت سعاعتوں میں ہمیں جہاں اپنے مرحومین و شہداء کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھنا ہے وہیں قوم کے بے گناہ اسیران کی جلد رہائی کیلئے بھی خصوصی دعاکرنی ہے اور ملک وقوم کی خوشحالی ، امن وامان کے قیام کیلئے بھی دعا کرنی چاہئے۔