وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام منعقدہ شوریٰ عمومی کے دو روزہ بقیتہ اللّٰہ تنظیمی و تربیتی کنونشن کے دوسرے دن کی نشست سے خطاب کرتے چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ قائد اعظم رح اور علامہ اقبال رح نے مسلم پاکستان کا تصور پیش کیا تھا، مسلکی پاکستان کا نہیں، ہم پاکستان کے اصل وارث ہیں اور ہمارا اسٹینڈ اصولوں کی بنیاد پر ہے، چاہے ہم سے کوئی راضی ہو یا ناراض ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا، ہمیں بس اپنے خدا کی رضا کی فکر ہے، ہم اپنی قومی جدوجہد کےلئے صراطِ مستقیم پر چلتے رہیں گے۔ ہم کسی بھی فرقہ وارانہ محاذ اور چال کا حصہ نہیں بنیں گے اور ہم اپنے ہر پاکستانی کی جان مال اور ناموس کے تحفظ کی خاطر قربانی دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی اکثریت کو غلامی قبول نہیں ہے، یہ قوم اب ایک قومی بیانیے پر اکھٹا ہوچکی ہے، آزاد خارجہ وداخلہ پالیسی ہمارے شہید قائد عارف حسین الحسینی رح کا بیانیہ ہے، ہمارے فیصلے ہمارے ملک میں ہونگے کہیں باہر نہیں اور ہماری سر زمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہو گی یہ ہمارے شہید قائد کی آرزو اور آرمان تھا، جس کے ہم وارث اور امین ہیں، ملک میں ایک قوم کی تشکیل کا سفر تیزی سےجاری ہے، ملک کی قسمت کے فیصلے اب عوام اور حقیقی عوامی نمائندے کریں گے۔ مسلکی،علاقائی اور لسانی تقسیم ختم ہو رہی ہے، ہم پر مسلط گھس بیٹھئیے اور ان کے سہولت کاروں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے، جس سے نکلنے کا انکے پاس کوئی راستہ نہیں ہے۔
کانفرنس سے مجلس علماء شیعہ پاکستان کے صدر علامہ حسنین عباس گردیزی،وائس چیئرمین ایم ڈبلیوایم علامہ سید احمد اقبال رضوی ،مرکزی جزل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی ، رکن شوریٰ عالی علامہ اقبال حسین بہشتی، سید اسد عباس تقوی، صوبائی صدر خیبرپختونخواہ علامہ جہانزیب جعفری، صوبائی صدر بلوچستان نے بھی خطاب کیا۔