وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی سے ملاقات کی اور انہیں رہبر کبیر حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی 34ویں برسی کی مناسبت سے "سرزمین پاکستان پر حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی دعوت اتحاد بین المسلمین کے اثرات" کے عنوان سے کوئٹہ میں منعقد ہونے والی علمی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ اتحاد بین المسلمین کے علمبردار تھے۔ عالمی استکباری قوتوں کی تمام تر سازشوں کے باوجود امام خمینی کی دعوت اتحاد نے عالمی سطح پر مثبت اثرات چھوڑے۔
پاکستان میں آج دعوت اتحاد و وحدت کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کی ابتر صورتحال سے عام شہری متاثر ہو رہا ہے۔ ژوب بم دھماکہ دہشت گردی کے واقعات کا تسلسل ہے۔ بلوچستان کی پسماندگی اور محرومیوں کا ازالہ ضروری ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی نے کہا کہ بلوچستان کو مقتدر قوتوں نے جان بوجھ کر پسماندہ رکھا۔ سردار عطاء اللہ مینگل نے اپنی سو ایکڑ زمین یونیورسٹی بنانے کے لئے دی، جبکہ پروپیگنڈا یہ کیا جاتا ہے کہ سردار تعلیمی اداروں اور ترقی کے مخالف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ ایک عظیم انقلابی رہنماء تھے۔ ان سے متعلق علمی نشست میں شرکت اعزاز کی بات ہوگی۔